مزید خبریں

مرکزی جمعیت اہلحدیث ریاض کے زیراہتمام درس قرآن وحدیث کی تقریب

گزشتہ شب مرکزی جمعیت اہلحدیث ریاض کے زیر اہتمام درس قرآن کی ایک تقریب میں مولانا عبدالمالک مجاہد کی قیام گاہ پر منعقد ہوئی۔ مولانا نے ” سارعوا الی مغفرة من ربكم ” اپنے گناہوں کی بخشش کی طلب کے اپنے رب کی طرف دوڑتے چلے آؤ کے موضوع پر اپنے بصیرت افروز خطاب سے حاضرین کو نوازا۔ مولانا عبدالمالک مجاہد نے قرآن و حدیث اور ایمان افروز واقعات کی روشنی میں کارکنان کو قیمتی نصیحتیں کیں کہ کس طرح ہم اپنے رب کی جنت کا حصول ممکن بنا سکتے جس کی چوڑائی زمینوں اور آسمانوں کی برابر ہے اورجو متقین کے لیے تیار کی گئی ہے۔ آپ نے اخلاق کی درستگی کے ساتھ ساتھ رب سے تعلق مضبوط بنانے پر زور دیا اور کہا کہ ہم سے ہرکوئی محسن بن جائے کیونکہ اللہ تعالٰی محسنین کو پسند کرتا ہے۔ انھوں نے کہا فتنہ و فساد کے اس دور میں ہم اگر ہم اپنے آپ کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو علمائے ربانیین سے تعلق کو مضبوط بنائیں اور اس طرح خوبصورت اور ایمان افروز محافل کا حصہ بنیں۔
ہم اپنے اہل و عیال عزیز و اقارب اور دوست و احباب کو بھی ان سرگرمیوں میں شریک کریں اور اسلام کے داعی بن جائیں۔ فتنہ و فساد، شرک و بدعات، فحاشی و عریانی اور اخلاقی گراوٹ سے بچنے کا واحد حل مستند محافل کا قیام ہے اور ہم سب اس حدیث کے مستحق بن جائیں جس میں فرمایا ہے کہ اللہ تعالی اس شخص کو خوش و خرم اور شاد باد رکھے جس نے میری حدیث کو سنا اور اسی طرح اسے آگے پہنچا دیا۔ اگر آپ کو نبی کریم ﷺ کی دعاء کے مستحق بننا چاہتے ہیں تو دین کے داعی بن جائیے۔چاہے آپ ایک حدیث ہی کیوں نہ آتی ہو ۔اللہ تعالٰی راستہ خوبخود کھولتا چلا جاتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ دروس کا یہ سلسلہ جاری و ساری رہے گا (ان شاء اللہ ) جوہرماہ پہلے منگل اور تیسرے منگل کونماز عشاء کے بعد مختلف مقامات پرمنعقد ہوا کریں گے۔ اس ایمان افروز محفل کا احتتام پُرتکلف عشائیہ پرہوا۔