مزید خبریں

لاڑکانہ : کارونجہر کی نیلامی کیخلاف مختلف جماعتوں کا احتجاج

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) حکومت سندھ کی جانب سے سندھ کے تاریخی اور ثقافتی مقام کارونجہر کی نیلامی کے خلاف سندھ کے دیگر شہروں کی طرح لاڑکانہ میں بھی احتجاج کیا گیا۔ اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سمیع اللہ ابڑو، سندھی ادبی سنگت کی جانب سے ضلعی رابطہ سیکرٹری استاد گل دایو، سراج کلہوڑو، خاور قبالئی اور دیگر کی قیادت میں، سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے نصیر کلہوڑو، میر ساگر کلہوڑو اور دیگر کی قیادت میں، قومی عوامی تحریک ضلع کی جانب سے سکندر علی لاشاری اور دیگر کی قیادت میں، جسقم اور جساف کی جانب سے اطہر سومرو، عزیز الرحمان شیخ اور دیگر کی قیادت میں شہر کے مختلف علاقوں سے ریلیاں نکال کر پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کرکے دھرنا دیا گیا۔ شرکاء نے ہاتھوں میں تنظیمی جھنڈے، بینرز اور پلے کارڈ اُٹھاکر شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ کے معدنی وسائل کی فروخت اور کارونجھر کی کٹائی کسی صورت قبول نہیں، یہ سندھ کا تاریخی ورثہ ہے، زرداری کی پیپلز پارٹی سندھ کے شہروں کو تباہ کرنے کے بعد اب دیہاتوں کو بھی تباہ کرنے کا کام کر رہی ہے، سندھ کو تباہی کے کنارے پہنچا دیا، سندھ کی عوام سڑکوں پر نکل آئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کارونجہر سندھ کا قومی اثاثہ ہے، اسے تحفظ فراہم کیا جائے۔