مزید خبریں

ترقی و خوشحالی کیلیے اسلامی نظام ناگزیر ہے، ضیاء انصاری

لاہور (نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی اور ترقی و خوشحالی کے لیے اسلامی نظام ناگزیر ہے۔ پرعزم اسلامیانِ برصغیر نے پاکستان کی شکل میں آزادی کی نعمت حاصل کی اوربدقسمتی سے نام نہاد پڑھے لکھے غیرتِ ایمانی سے محروم کرپٹ سیاسی ایلیٹ نے اسے معاشی اعتبار سے اغیار کا غلام اور ایک قابل رحم ایسا ملک بنا دیا، جس کے عوام آزادی کے76سال گزرنے کے بعد بھی تعلیم، انصاف اور صحت کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ ملک میں موجودہ بحرانوں اور مسائل کا واحد حل اسلامی نظام کا نفاذ، بروقت قومی و صوبائی انتخابات اور دیانتدار قیادت ہے۔ مفاد پرست سیاستدانوں کی نااہلی کی وجہ سے پاکستان ترقی کی بجائے تنزلی کی راہ پر گامزن ہے، قائد اعظم اور علامہ محمد اقبال کے اسلامی جمہوری پاکستان کے قیام کے لیے قوم جماعت اسلامی کی قیادت پر اعتماد کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف یوم آزادی کے حوالے سے تقریبات میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ سوال آج بھی جواب طلب ہے کہ کیا بانی پاکستان اور لاکھوں اسلامیانِ برصغیر نے جان، مال، عزت کی قربانی دے کر اس لیے پاکستان بنایا تھا کہ چند درجن خاندان اور ان کی عیاش اولادیں عوام کے حقوق پر ڈاکے ڈالیں؟ اور قومی وسائل اپنی ذات، جماعت اور خاندان کو مضبوط کرنے کے لیے ذاتی تصرف میں لائیں۔ امیر لاہور نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کرپٹ اور لوٹے سیاستدانوں سے جان چھڑوائی جائے۔