مزید خبریں

الخدمت سندھ کے تحت لاکھوں مستحقین میں گوشت تقسیم

کراچی (نمائندہ جسارت) الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کی جانب سے ہرسال کی طرح اس سال بھی سانگھڑ، دادو، نوابشاہ اور سکھر سمیت سندھ بھر کے دور دراز مضافاتی علاقوں میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا۔ الخدمت کی جانب سے قربانی پروجیکٹ کے تحت عیدالاضحیٰ کے تینوں دن 600 سے زائد جانور قربان کیے گئے۔ مخیر حضرات کے تعاون سے کی جانے والی قربانی سے سندھ بھرکے ڈھائی لاکھ سے زائد مستحقین، سفید پوش اور ضرورت مند خاندانوں کو قربانی کا گوشت فراہم کیا
گیا۔ قربانی فی سبیل اللہ کی مکمل نگرانی الخدمت سندھ کے قائم مقام صدر انجینئر عمر فاروق اور نائب صدر سید محمد یونس نے کی۔ عید کے تینوں دن الخدمت کے ضلعی ذمے داران اور رضا کار مستحقین تک قربانی کا گوشت پہنچانے میں مصروف رہے۔ انجینئر عمر فاروق نے سلاٹر ہاؤس کا دورہ کیا اور قربانی فی سبیل اللہ کے انتظامات اور گوشت کی پیکنگ کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انجینئر عمر فاروق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سندھ کے مضافاتی علاقوں میں اس وقت بھی ایسے خاندان موجودہیں جن کے گھر بار، تیار فصلیں اور مویشی سیلاب کی نذر ہوچکے، اب ان کے پاس کوئی اور ذریعہ آمدن نہیں ہے اور زندگی کی بنیادی ضروریات سے محروم روز وشب بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ الخدمت نے خاص طور پر ان متاثرین تک قربانی کا گوشت پہنچانے کا اہتمام کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم مخیرحضرات کے مشکور ہیں جو ہر سال الخدمت پر اعتماد کر کے مستحقین تک گوشت پہنچانے میں تعاون کرتے ہیں۔ سید محمد یونس نے کہا کہ الخدمت نے ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی خواجہ سرا کمیونٹی اورقلی حضرات سمیت معاشرے کے کمزور اور سفیدپوش طبقات کی بھرپور مدد کی، ان کا مزیدکہنا تھا کہ اس پورے عمل میں الخدمت کے رضا کاروں کا جذبہ بھی قابل تحسین ہے جواپنی عید کی خوشیاں قربان کرکے ضرورت مند خاندانوں میں خوشیاں بانٹتے رہے۔