مزید خبریں

حکومت سوئیڈن سے سفیر واپس بلائے‘ محمد حسین محنتی

کراچی(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے سوئیڈن میں حکومتی سرپرستی میں توہین قرآن واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم سے سوئیڈن سے پاکستانی سفیرواپس بلانے اورقرآن پاک کی بے حرمتی روکنے کے لیے عالمی سطح پرقانون سازی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں کہاکہ مغرب اوراس کے گماشتے اظہار رائے کی آزادی کے نام پر ہمارے پیارنبیﷺ،قرآن پاک تو کبھی شعائر اسلام کی توہین کرکے کروڑوں مسلامانوں کی دل آزاری کرتے ہیں جوکہ ان کی بوکھلاہٹ اوراسلام ومسلمان دشمنی کا واضح ثبوت ہے۔دریں اثناء عید کے تیسرے دن صوبائی امیر نے الخدمت کے تحت برنس روڈ صدر،دہلی کالونی کلفٹن ،علاقہ کینٹ اورگذری ضلع جنوبی میں قائم چرم قربانی مراکز کا دورہ بھی کیا۔ضلعی نائب امیر سفیان دلاور،ظہوراحمد جدون،عثمان شریف ،نوراسلام اورذکرمحنتی بھی ساتھ موجود تھے۔ صوبائی امیرکا کہنا تھاکہ سودی نظام اورموجودہ حکومت عوام کے لیے عذاب بن چکے ہیں،نااہل قیادت کی وجہ سے پہلی اسلامی ایٹمی صلاحیت کے حامل ملک کے عوام عید کے موقع پربھی زندگی کی بنیادی ضرورت بجلی اورپانی کوترستے رہے۔یہ اگرگڈگورننس ہے توپھرخراب حکمرانی کس چیز کا نام ہے۔انہوں کہاکہ تمام ترحربے اورسازشوں کے باوجود رکارڈ ووٹ کے ساتھ جماعت اسلامی کے فلاحی ادارے الخدمت کو دینا عوام کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔صوبائی امیر نے عید کے تینوں دن قربانی کی کھالیں جمع اورغرباء تک گوشت پہنچانے والے رضاکاروں کی تحسین کی۔