مزید خبریں

سخت شرائط قبول، حکومت آئی ایم ایف کے سامنے سرنڈر ہوگئی، ابوالخیر زبیر

حیدرآباد (نمائندہ جسارت) جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے سر براہ ڈاکٹرصاحبزادہ ابوالخیر محمدزبیر نے آئی ایم ایف کے معاہدے پرتبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ اس بیل آؤٹ پیکیج کو منظورکرنے کیلیے حکومت نے آئی ایم ایف کی ہر شرط منظورکرلی ہے جس سے بجٹ میں عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ مزید بڑھ جائیگا اور اس طرح ملک میں مہنگائی کا سونامی آئے گاحکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کرتے ہوئے بجٹ میں گیس اور بجلی کی مدمیں 130 ایک سوتیس ارب روپے کا اضافہ کردیا تھااوگرانے گیس50 فیصد مہنگی کرنے کی منظوری دے دی تھی اور بجلی میں 11.30روپے فی یونٹ کااضافہ کردیاتھا اسی طرح پیٹرول اور ڈیزل پر عائدلیوی میں10 روپے کا اضافہ کردیاگیا تھااب اس نئے بجٹ میں مزید ٹیکسوں کااضافہ کرکے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیساجائے گا انہوں نے کہاکہ جب وزیر کہہ رہے ہیں کہ ہمارے پاس پلان بی بھی موجودہے تو پھر عوام کو آئی ایم ایف کی غلامی کے شکنجے میں کسنے اور ملک کی معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھنے کے بجائے پلان بی پر عمل کرکے عوام کو مزید مشکلات سے کیوں نہیں بچایا گیا۔ علاوہ ازیںجے یو پی و ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے سویڈن میں عیدگاہ کے باہرسرکاری سرپرستی میں قرآن پاک کا نسخہ نذرآتش کرنے کے واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن میں انتہا پسندوں نے عیدالاضحی کی نماز کے وقت اسٹاک ہوم کی مرکزی مسجد کے باہرسرکاری سرپرستی میں قرآن پاک کو پھاڑکر نذرآتش کرکے اسلام دشمنی کا واضح ثبوت دیاہے جس سے مغربی استعماری قوتوں کی مسلم دشمنی کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی استعماری قوتیں مسلمانوں کو انتہاپسند ،بنیاد پرست اور دہشت گرد ثابت کرنے کیلیے خود مذہبی انتہاپسندی کا عملی مظاہرہ کررہی ہیں اقوام عالم کو مغرب کے اس طرز عمل کا فوری نوٹس لینا چاہیے ،مسلم ممالک کے سربراہان کی ذمے داری ہے کہ توہین قرآن کے بڑھتے ہوئے واقعات پر مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیں اور اقوام متحدہ میں اس معاملہ کواٹھائے اور مقدسات کی توہین کے سلسلے کو فوری بند کرایا جائے ،او آئی سی ہنگامی بنیادوں پر اس معاملہ پر لائحہ عمل ترتیب دے اور مغرب کے متعصبانہ طرز عمل کو روکوایا جائے ۔