مزید خبریں

میرپورخاص: ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب کا سینٹرل جیل کا دورہ

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب ذوالفقار علی جونیجو نے کہا ہے کہ قیدیوں کو جیل قوانین کے مطابق تمام بنیادی سہولتیں فراہم کرنا جیل انتظامیہ کی ذمے داری ہے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر سینٹرل جیل کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر انفارمیشن حذب اللہ میمن ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جنید مرزا، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن غوث محمد پٹھان، اسسٹنٹ رجسٹرار محتسب سجاد سومرو، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل و دیگر ہمراہ تھے۔ اس موقع پر انہوں نے جیل میں قیدیوں کے لیے قائم لائبریری، باورچی خانہ، اسپتال کا دورہ کیا، دوائیوں اور ملنے والا کھانا چیک کیا۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کو ملنے والا کھانا اور ادویات معیاری ہیں، اس کے ساتھ انہوں نے ڈاکٹر اور قیدیوں کو پرائمری تعلیم دینے والے اساتذہ سے بھی معلومات لی جبکہ قیدیوں کو پرائمری تعلیم کے ساتھ قرآن پاک کی تعلیم بھی دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ جیل میں قیدیوں کی تعداد مناسب ہے، قیدیوں کے رشتے داروں سے جیل میں ملاقات بھی کرائی جاتی ہے۔