مزید خبریں

عیدالفطر کے موقع اپنے غریب بھائیوں کوبھی یاد رکھیں

 

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر حافظ محمدنویداعوان نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے موقع اپنے غریب بھائیوں کوبھی یاد رکھیں اورانہیں عیدکی خوشیوںمیں شامل کرنے کرنے کے لئے ان کی خدمات کریں ۔انہوں نے کہاکہ یہ شاید ہماری زندگیوں میں پہلی عید الفطر ہے جس میں ہمیں بہت الگ صورتحال کا سامنا ہے اور ہر گزرتے دن کیساتھ ہماری تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ نفرت اور دشمنی کے الزامات والی شدید تقسیم اور پولرائزڈ سیاسی ماحول میں، تمام سیاسی لیڈرز کو سیاسی ماحول کی تنزلی پر حقیقی معنوں میں فکر مند اور پریشان ہونا چائیے کیونکہ دن بدن ملک شدید پولرائزیشن کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو سنجیدگی کا راستہ اپنانا چاہیے۔ سیاست میں گالم گلوچ اور تشدد کے کلچر کو ختم کرنا ہو گا۔ میں تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈرز،ورکرز اور سپورٹرز سے اپیل کرتا ہوں کہ عید کے اس پر مسرت موقع پر آیے نفرت، عدم برداشت، بد تہذیبی اور الزامات کی سیاست سے ایک قدم پیچھے ہٹتے ہوئے ایک دوسرے کو گلے لگاتے ہیں یہی ہمارے نبیؐکی سنت ہے اور اسی میں برکت اور عزت ہے۔کیونکہ غصے، الزامات اور بد نیتی سے ہم نہ تو محفوظ منزل تک پہنچ سکتے ہیں اور نہ ہی ایک عظیم قوم بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلسل اختلاف اور آئین پر اس کی رو کے مطابق عمل نہ ہونا ناقابل تلافی حالات کا باعث بن سکتا ہے۔ میری سیاسی لیڈرز اور قوم سے امن، سنجیدگی اور مکالمے کی اپیل ہے۔تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین پر مشتمل قومی سطح کا ڈائیلاگ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ واحد راستہ جو پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جا سکتا ہے۔وہ اللہ تعالی کا نظام ہے جو ہمیں ایک دوسرے کی عزت کا، پیار،محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔آئیے اس عید کے خوشی کے موقع پرتمام تلخیوں کو بھلا کر آگے بڑھیں اور رمضان المبارک سے ہم نے صبر،تحمل، استقامت اوربردباری کاجو درس لیا ہے اس پر عملی طور پر کاربند رہنے کا عزم کریں۔جماعت اسلامی کے کارکنان مفادات کی لڑائی سے دور رہتے ہوئے عوام کی خدمت جاری رکھنے اور اس انتشار کے ماحول میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی کوشش کریں۔