مزید خبریں

صنعتی شعبہ جات تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں، جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملکی معیشت مسلسل تنزلی کا شکار ہے۔ زراعت ، ٹیکسائل اورصنعتی شعبہ جات جو کسی بھی ملک کے معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، پاکستان میں حکمرانوں کی بے حسی اور بد انتظامی کے باعث مسائل کا شکار ہو چکے ہیں۔ گردشی قرضہ 550ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سمیت تمام مالیاتی ادارے پاکستان کی معیشت بارے تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی آوٹ لک رپورٹ کے مطابق پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز اور مشکلات کم ہونے کی بجائے مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ اس رپورٹ میں رواں سال مہنگائی 27.1فیصد تک رہنے کی توقع کی جا رہی ہے،جو کہ موجودہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف کے دعووں کی نفی ہے جس میں انہوں نے اپنی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کو کامیاب قر ار دیا تھا۔ان خیالات کا اظہار محمد جاوید قصوری نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف معیشت سنگین قسم کی صورتحال سے دوچا ر ہے، ہر روز نیا بحران سامنے آرہا ہے، کرپشن نے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں، عوام کی زندگی بدحالی کا شکار اور سیاسی عدم استحکام اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے تو دوسری جانب عدم برداشت کے باعث ملک اندر سے کمزور ہو رہا ہے۔ملک میں ایسی سیاسی فضا پیدا کرنے کی ضرورت ہے جس میں نظریاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر سوچا جائے اور سیاسی معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے۔سیاسی بے یقینی کا خاتمہ اور میثاق معیشت پر اتفاق کرنا ہو گا۔ ملک و قوم کے مفاد میں ترتیب دی جانے والی پالیسیاں بغیر کسی تسلسل کے جاری رکھی جائیں۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک میں معاشی خوشحالی کے لیے عوام دشمن پالیسیوں سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔ لوگ بے روزگار اور مزدوروں کے گھروں میں نوبت فاقہ کشی تک پہنچ گئی ہے۔