مزید خبریں

گھر کی سجاوٹ لائٹنگ

لائٹنگ کسی بھی کمرے کا ایک پیچیدہ عنصر ہوتا ہے۔ لائٹنگ کے حوالے سے کچھ اہم عوامل ہیں جن کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہئے۔ سب سے اہم بات یہ کہ گھر میں روشنی کا انتظام کرتے وقت آپ کو ماحول سے مطابقت رکھتی ہوئی لائٹس چاہیے ہوںگی، جن کی روشنی کو ضرورت کے مطابق کم یا زیادہ کیا جاسکتا ہے۔ کمرے کو روشن کرنے والی اشیا جیسے فانوس، بلب، لیمپ اور ریسیسڈ لائٹنگ کو دیواروں پر کئے گئے رنگ کی مناسبت سے اس طرح لگانا چاہئے کہ ان سے حاصل ہونے والی روشنی آنکھوں کے لیے سکون کا باعث ہو اور ان کا پورے کمرے پر عمدہ تاثر پڑے۔
رنگ و روغن
گھر کے رنگ و روغن کے لیے درست رنگوں کا انتخاب بہت سے لوگوں کے لیے کسی امتحان سے کم نہیں ہوتا۔ سب سے پہلی غلطی ان سے یہ ہوتی ہے کہ وہ پینٹ کا رنگ پہلے سے منتخب کرلیتے ہیں۔ اگر آپ گھر کے کسی حصے میں کوئی اعلیٰ پائے کی پینٹنگ لگانا چاہتے ہیں تو اس کی مناسبت سے وہاں کی دیواروں کا رنگ منتخب کریں تاکہ آرٹ ورک نمایاں ہو اور وہ دیکھنے والے کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلے۔
پیمائش
آپ گھر کے کسی بھی حصے کی سجاوٹ کررہے ہوں، اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ قالین بچھاتے ہوئے، فرنیچر کی سیٹنگ یا پھر کھڑکیوں کی مرمت کرتے وقت ان چیزوں کی پیمائش اور جگہ کے سائزکو جانتے ہوں جہاں آپ نے یہ کام کرنے ہیں۔ اندازے پر چلنے کے بجائے ہر چیز کی باقاعدہ پیمائش کریں تاکہ آپ کی زندگی آسان ہوجائے۔