مزید خبریں

معرکہ بدر یوم الفرقان ہے،ضلعی ناظمہ ڈاکرفہمیدہ الیاس

فیصل آباد (وقائع نگارخصوصی)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی ضلعی ناظمہ ڈاکٹرفہمیدہ الیاس، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری بشری صادقہ،صوبائی نائب ناظمہ فوزیہ محبوب،نگران سیاسی سیل شائشہ عمر،جے آئی یوتھ کے ضلعی صدرفریحہ کاشف، قرآن انسٹی ٹیوٹ کے صوبائی نگران فاخرہ اکرام، ضلعی نائب ناظمہ ثمرارحیم،سعدیہ رحمان، آمنہ مقدس ، ضلعی ترجمان نصرالاسلام ا ور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ دلوں میں کامل ایمان، جذبہ شوق شہادت اور اللہ پر توکل ہو تو باطل کی بڑی سے بڑی طاقت کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے، عددی اکثریت اور مادی وسائل کی کمی کے باوجود اہل ایمان ہر محاذ پر کامیاب اور بامراد ہوسکتے ہیں، رہنمائوں نے کہاکہ معرکہ بدر یوم الفرقان ہے جو حق وباطل کا فرق واضح کر دینے والا دن ہے،جب کفار قریش کی طاقت کا گھمنڈ خاک میں مل گیا اور مٹھی بھر مسلمانوں کو وہ ابدی قوت اور غلبہ حاصل ہوا جس پر اسلامی حکومت کی مضبوط بنیادیں قائم ہو ئیں۔ ڈاکٹرفہمیدہ الیاس نے مجاہدین بدر کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ غزوہ بدر نے یہ واضح کر دیا کہ مسلمان کا بھروسہ دنیاوی سازوسامان و ہتھیار پر نہیں بلکہ اللہ پر ہوتا ہے،بے سروسامانی میں اپنے سے تین گنا زیادہ قوت کے سامنے کھڑے ہوکر اصحابِ بدر نے دنیا کو بتا دیا کہ جذبہ ایمانی کا مقابلہ کوئی قوت نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ آج تاریخ کے تاریک دور سے گزر رہی ہے۔وسائل اور عددی قوت کے باوجود منتشر اور مغلوب ہے،انہوںنے کہا کہ آج بھی امت اپنا رشتہ اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ وسلم کے ساتھ مضبوط کر لے تو اللہ کی نصرت آ سکتی ہے۔دریں اثناء حلقہ خواتین کی رہنمائوں نے یروشلم میں مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی پولیس کے وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ اسرائیل کی جارحانہ کاروائیوں کا تسلسل ہے، رمضان المبارک کے تقدس کی پامالی صیہونی فورسز کی روایت بن گئی ہے، جس سے دنیا بھر کے مسلمان شدید کرب میں مبتلا ہیں۔انہوں نے متنبہ کیا کہ عالمی طاقتوں اور اداروں کی اسرائیل کو دی جانے والی کھلی چھوٹ اس کی جانب سے مسلسل انسانی حقوق کی پامالی کا سبب بن رہی ہے اور فلسطین پر جاری یہ ظلم و ستم کسی بھی وقت عالمگیر نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر عالمی سکوت کو توڑنے کی ضرورت ہے۔ امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ فلسطینی مسلمانوں کے شانہ بشانہ ہر فورم پر صیہونی مظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔