مزید خبریں

جماعت اسلامی کا14 مارچ کو انتخابات کنونشن ہوگا،سردارظفر

 

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا آئندہ عام انتخابات کی انتخابی مہم کے آغاز کے لئے 14مارچ کوکنونشن سینٹراسلام آباد میں انتخابات کنونشن ہو گا۔سراج الحق جماعت اسلامی کامنشور اور انتخابی مہم رابطہ عوام تحریک کا اعلان کریں گے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا سے قومی اور صوبائی حلقہ جات کے ا میدواران شریک ہوں گے۔ جماعت اسلامی آئندہ عام انتخابات میں ترازو کے نشان پر بھرپور حصہ لے گی۔ قیادت اور نظام کی تبدیلی کے لئے انتخابات ہی پائیدار طریقہ کار ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاست، ریاستی ادارے اور قومی وصوبائی اسمبلیاں اپنے اسلوب اور کارکردگی کی وجہ سے متنازع بنے ہوئے ہیں، سیاست میں ہیجان، شدت، انتہا پسندی، تضحیک اور انتقامی طرز عمل نے جلتی پر تیل کا کام جاری رکھا ہوا ہے۔ عدلیہ ہی ایسا آئینی قومی ادارہ ہے جو آئین، قانون، عدل اور انسانی بنیادی جمہوری حقوق کی حفاظت کر سکتا ہے لیکن عدلیہ کے سیاسی ایشوز پر متنازع فیصلے اور دوران سماعت کمنٹس کی وجہ سے عوام میں بڑے ابہام، شک وشبہ پیدا ہو گئے ہیں۔ سیاسی محاذ پرٹھہراؤ ملک میں قومی وصوبائی اسمبلیوں کا ایک دِن انتخاب ذریعہ بن سکتا ہے۔ اِس کا فیصلہ خود قومی قیادت کے ہاتھ میں ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی مقبولیت کا بڑی بے دردی اور ہیجانی کیفیت میں استعمال کیا ہے۔اِسی وجہ سے پارٹی امور، حکومتوں کی پرفارمنس، اپوزیشن کا کردار ملک وملت کے لئے مفید نہیں رہا۔ قومی سیاسی محاذ ماضی گواہ ہے کہ قیادت اور پارٹیاں مقبولیت کے عروج پر آتی رہیں اور پرفارمنس نہ ہونے کی وجہ سے عبرت بننی گئیں۔ سیاسی محاذ پر انتشار کا تقاضا ہے کہ بدترین اقتصادی بحران کے درپیش مسائل،خارجہ محاذ پرپاکستان کی بے قدری اور انتخابات کو قومی ترقی عوامی اعتمادکی بحالی کا ذریعہ بنانے کے لیے قومی قیادت قومی ڈائیلاگ کرے وگرنہ حالات سے تنگ، غربت سے کچلے عوام کی نفرت سب کو بھسم کر دے گی۔