مزید خبریں

سیاست دان ماضی کی تاریخ سے سبق سیکھیں،پروفیسرمحبوب الزماں

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ سیاست دان ماضی کی تاریخ سے سبق سیکھیں۔ سیاسی مسائل بروقت حل نہ کئے جانے سے ملک میںسیاسی بے یقینی اورافراتفری پیدا ہوتی ہے جس سے آئین ا ور جمہوریت کی پامالی کے راستے ہموار ہوتے ہیں۔ دونوں دھڑے اپنے سیاسی مفادات کے لیے فوج،عدلیہ، پولیس، سول بیوروکریسی کو تباہ کررہے ہیں۔ سیاسی افراتفری نے ملک کوبحرانوں سے دوچار کردیا ہے۔ سیاسی قومی قیادت سیاسی جمہوری اہلیت کا ثبوت دے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ اور سابق حکمرانوں کا مقصد صرف اپنی نسلوں کے لیے مال بنانا ہے۔ ان کا پائوں عوام کی گردن پر اور ہاتھ جیب میں ہے۔انھوں نے نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلا، ملک کے نظریے کا مذاق اڑایا۔ اداروں کو کمزور کیا، معیشت تباہ کی اور ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کا غلام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سویلین بالادستی، شفاف انتخابات چاہتی ہے، ہم پرامن اسلامی انقلاب کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، ہمارا مقصد اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔ عوام نے مارشل لاز اور نام نہاد جمہوری ادوار کو دیکھ لیا مگر ان کے مسائل حل ہونے کی بجائے بڑھتے چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک اسلام کے نام پر بنا مگر گزشتہ 75برسوں سے یہاں ایک دن کے لیے بھی اسلام نافذ نہیں ہوا۔ ہمارا ایمان ہے کہ دین آئے گا تو خوشحالی آئے گی اور ملک ترقی ، امن کا گہوارہ بنے گا۔ عوام آزمودہ سیاسی جماعتوں کو مسترد کر کے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔