مزید خبریں

حکومت کسانوں کیلیے یوریاکھادکی فراہمی یقینی بنائے، علی گورایہ

فیصل آباد (نمائندہ جسارت) کسان بورڈ کے ضلعی صدرعلی احمدگورایہ نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کے لیے یوریا کھاد اور دیگرزرعی مداخل کی فراہمی یقینی بنائے بصورت دیگرملک غذائی قلت کا شکار ہوجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کسانوںسے کہا ہے کہ یوریا کھاد نہ ملنے پرکسان بورڈ سے رابطہ کریں تاکہ متعلقہ افسران کو آگاہ کیاجاسکے۔ پاکستان کی سب سے بڑی فصل گندم کو یوریا کھاد کی اشد ضرورت کے وقت کھاد نایاب اوربلیک میں فروخت کی جارہی ہے،حکومت اورانتظامیہ اپنے وعدے کے مطابق مقرر کردہ وقت اورریٹ پر یوریا کھاد کسانوں کو فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے حکومت کی جانب سے مقررکردہ ریٹ 2200 روپے کی بجائے دکاندار 2800 روپے میں یوریا کھاد اس شرط پرفروخت کررہے ہیں کہ ساتھ ایک بوری ڈی اے پی کھاد کی بھی خریدی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار یوریا کے حالیہ بحران کے باعث انتہائی پریشان ہیں جس کے باعث وہ متبادل فصلیں کاشت کرنے کے لیے سوچ رہے ہیں،یوریا کی عدم دستیابی کے باعث گندم کا پیداواری ہدف حاصل کرنا ناممکن ہوجائے گا۔ غلہ منڈی میں کا شتکار یوریا کی ایک بوری کے حصول کے لیے مارے مارے پھرتے ہیں لیکن ان کی کوئی نہیں سنتا۔دوسری جانب محکمہ زراعت کا عملہ بھی خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے محکمہ زراعت کے بعض افسران کاشتکاروں کو یوریا کھاد کی فراہمی کی بجائے دوسرے شہروں سے اور اضلاع سے یوریا کھاد لانے کے مشورے دے کر ٹال رہے ہیں جبکہ من پسند افراد کی ضرورت پوری کرنے کے لیے کوشاں نظر آتا ہے۔