مزید خبریں

مہاجرکلچر ڈے کے حوالے سے اے پی ایم ایس او کی ریلی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اے پی ایم ایس او اور مہاجر یوتھ موومنٹ کی جانب سے ایام مہاجر ثقافت و مہاجر کلچر ڈے کے حوالے سے عائشہ منزل تا نمائش چورنگی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی کے مختلف علاقوں سے خواتین، بچے، بزرگ اور نوجوانوں نے شرکت کی۔اس سلسلے میں ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے تمام ٹاؤنز کے تحت استقبالیہ کیمپس لگائے گئے تھے اور ریلی کا مرکزی کیمپ عائشہ منزل پر لگایا گیا تھا جہاں سے شہر بھر کی ریلیاں جمع ہوکر نمائش چورنگی کیلیے ریلی کا آغاز کیا۔نوجوانوں، بزرگ اور خواتین نے روایتی لباس سفیدکرتا پاجامہ زیب تن کر رکھا تھا اور ان کا جوش قابل دید تھا۔ ریلی میں شرکاء کی جانب سے فلک شگاف نعرے بلند کیے جارہے تھے اور نوجوان ترانوں پر رقص کر رہے تھے۔ ریلی کے شرکاء پر ایم کیو ایم کے لگائے گئے کیمپس سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ نمائش چورنگی پر10 فٹ اونچا اور 40فٹ چوڑا اسٹین تیار کیا گیا تھا۔ٹریفک کی آسانی کیلیے ایم کیو ایم پاکستان کے مختلف مرکزی شعبہ جات کے اراکین مامور تھے ۔