مزید خبریں

گھوٹکی میں ڈاکوئوں کا حملہ ،ڈی ایس پی اور 2 ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار شہید،وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس

گھوٹکی /کراچی (رپورٹ:محمد کلیم صادق بھٹی+اسٹاف ر پورٹر) گھوٹکی پولیس کا 3 مغویوں کی بازیابی کے لیے کچے کے علاقے رونتی میں جاری خصوصی آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کیجانب سے جدیدہتھیاروں کی فائرنگ سے ایک ڈی ایس پی اور 2 ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار شہیدہوگئے جبکہ مغوی تاحال ڈاکوؤں کے چنگل میں ہیں۔ضلع بھر میں سوگ کا سماں،آصف علی زرداری اور بلاول زرداری نے پولیس افسران و اہلکاروںکی شہادت پر مذمت کی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل اوباڑو سے اغوا ہونے والے ایک نوجوان اور بچوں سمیت 3 افراد کی بازیابی کے لیے گھوٹکی پولیس نے رونتی کے کچے میں آپریشن جاری رکھا ہوا تھا۔گزشتہ رات پولیس پارٹی کا ڈاکوؤںکے ساتھ مقابلہ ہوا،ڈاکوؤں کی طرف سے پولیس پر جدید اسلحے کے ساتھ مقابلہ کیاجس کے نتیجے میںگولیاں لگنے سے ڈی ایس پی اوباڑو عبدالمالک بھٹو ، ایس ایچ او میر پور ماتھیلو عبدالمالک کمانگر،ایس ایچ اوتھانہ کھینجو دین محمد لغاری،کانسٹیبل جتوئی پتافی اور کانسٹیبل محمد سلیم چاچڑشہید ہوگئے۔ادھر فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے پولیس کے تمام شہداکی نماز جنازہ میں ایس ایس پی گھوٹکی تنویر حسین تنیو ، ایس پی انویسٹی گیشن رحیم یار خان کیپٹن (ر) دوست محمد کھوسو ،سردار محمد بخش خان مہر اور سینیٹر جام مہتاب حسین ڈھر کے فرزند جام یاور حسین ڈھر،رینجرز ونگ کمانڈر کرنل محمد اجمل خان اور موٹر وے پولیس کے ڈی ایس پی علی اکبر نائچ سمیت دیگر پولیس افسران و اہلکار، صحافی حضرات، سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میںشہید افسران و اہلکاروں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔شہداکے جسد خاکی کو گھوٹکی پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ بلاول زرداری نے ڈاکوئوںکے حملے میں پولیس افسران و اہلکاروںکی شہادتوںکی مذمت اور حملے میں زخمی افسران و اہلکاروںکی جلد صحتیاتی کی دعاکرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر سخت سزا کے مستحق ہیں کسی قسم کی رعایت نہ کی جائے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گھوٹکی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ کس طرح پیش آیا؟ مجھے ہر پہلو سے رپورٹ دیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ڈاکووں کے خلاف بھرپور آپریشن کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مجھے پولیس افسران اور اہلکاروں کے قاتل ہر صورت سلاخوں کے پیچھے چاہئیں۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ امن امان کے قیام میں پولیس کی قربانیاں نا قابل فراموش ہیں۔ علاوہ ازیں ایس ایس پی تنویر حسین تنیونے شہید افسران اور اہلکاروں کی جرأت کو سلام پیش کیا اورشہداء کے اہلخانہ سے گہرے دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ شہادتوں سے حوصلے پست نہیں ہونگے آپریشن جاری رہے گا اوریہ جرائم پیشہ عناصر منطقی انجام کو پہنچیں گے۔