مزید خبریں

حکمرانوں نے غریب مکائو پروگرام بنا رکھا ہے ، جاوید قصوری

 

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کی جانب سے فیول ایڈجسٹمنٹ اکتوبر تا مارچ وصول کرنے کا اعلان عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں نے ملک سے غریب مکاؤ پروگرام بنا رکھا ہے۔ آئی ایم ایف کے غلام ابن غلام حکمرانوں کے بھیانک چہرے عوام کے سامنے آگئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو یہ عہد کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ آئندہ ان چوروں، لٹیروں اور کرپٹ افراد کو مسترد کرکے محب وطن افراد کو آگے لائیں گے۔ 75برسوں سے پاکستان پر جاگیر داروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے قبضہ کر رکھا ہے۔ مٹھی بھر اشرافیہ کے ظلم و ستم سے نجات حاصل کرنے کے لیے عوام کو چلے ہوئے کارتوس سے نجات حاصل کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ملک بھر میں شارٹ فال 6ہزار میگا واٹ ہونے سے 6 سے8گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری طرف بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ لوگ گھروں کا راشن خریدنے کے بجائے ٹیکسوں کی بھر مار پر مشتمل بجلی کے بل ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حکومت کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں 47فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے، فرسودہ اور کرپٹ نظام کے خاتمے تک حقیقی آزادی میسر نہیں آسکتی۔