مزید خبریں

عدالت عظمیٰ سود فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل مسترد کر دے، ساجد میر

لاہور (آن لائن) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے عدالت عظمیٰ سے اپیل کی ہے کہ سود کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی اپیلوں کو مسترد کر دے ،سودی نظام اللہ اور اس کے رسولؐ کے خلاف اعلان جنگ ہے ، وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کرنے والے بینک ہوش کے ناخن لیںاور اپیل واپس لیں ورنہ عوام کے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔مرکز راوی روڈ میں مرکزی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے معاشی نظام کو مغربی اصولوں پر نہیں بلکہ اسلامی اصولوں پر استوار دیکھنا چاہتے ہیں اور اسی لیے دستور پاکستان نے سود سے پاک معیشت کو پاکستان کی معاشی منزل قرار دیتے ہوئے حکومت کو ہدایت دے رکھی ہے کہ وہ قومی معیشت کو جلد از جلد سودی اصول و قوانین سے نجات دلائے۔ ملک کو سودی نظام کی لعنت و نحوست سے پاک کرنے کا مرحلہ وار آغاز کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی غلامی سے نکلے بغیر پاکستان مسائل کی دلدل سے باہر نہیں نکل سکتا۔ مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں حکومت عوام کے مسائل کے حل کے لیے روڈ میپ دے۔