مزید خبریں

ریاض میں ماہرتعلیم پروفیسرعبدالرزاق قریشی کےاعزازمیں الوداعیہ

سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں معروف ماہرتعلیم پروفیسرعظمت اللہ بھٹہ کی جانب سے پروفیسر عبدالرزاق قریشی کے اعزاز میں ایک الوداعی عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ پروفیسرقریشی ایک طویل عرصہ سعودی عرب کے صحراؤں میں تعلیم کی آبیاری کرنے کے بعد اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو کر مستقل سکونت کے لئے وطن واپس پاکستان تشریف لے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر پروفیسر عظمت اللہ بھٹہ نے ان کی خدمات کے اعتراف میں ایک پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا جس میں شہرکےعمائدین، دانشور، ادیب اور شاعر حضرات نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسرعبدالرزاق قریشی سابق پرنسپل پاکستان انٹرنیشنل اسکول ریاض تھے۔ جبکہ صدارت پروفیسر اقبال اعجاز بیگ نے کی۔
عابد شمعون چاند کی رپورٹ مطابق تقریب کا آغازتلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ نظامت کے فرائض شہر کے معروف نثر نگار اور تخیل ادبی فورم کے جنرل سیکرٹری راشد محمود نے ادا کئے۔
تقریب میں ایک غیر رسمی ادبی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں یاسر یونس، شہباز صادق، فیصل اکرم گیلانی، شاہد خیالوی، صابر امانی، منصور محبوب، سلیم کاوش، محسن رضا سمر اور پروفیسر اقبال اعجاز بیگ نے اپنے کلام سے تقریب کو چار چاند لگا دیئے، اس موقع پر تخیل ادبی فورم کے جنرل سیکرٹری راشد محمود نے اپنا خصوصی مضمون پیش کیا جسے بے حد پسند کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر اقبال اعجاز بیگ، پروفیسر راجہ تنویر اور معروف کاروباری اور سماجی شخصیت محمد ایوب نے پروفیسرعبدالرزاق قریشی کی تعلیمی خدمات اور کھیلوں کے میدان میں ان کی صلاحیتوں اور طلباء کے لئے مہیا کی گئی سہولیات پر روشنی ڈالی۔
تقریب کے آخر میں منتظم تقریب پروفیسر عظمت اللہ بھٹہ نے مہمان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور پروفیسر عبدالرزاق قریشی کو اپنی ذات میں ایک مکمل تعلیمی ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جاتی رہے گی اور ان کی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے سبکدوشی سے طلباء ایک اہم معلم سے محروم ہو نگے جن کا خلا شاید کبھی پر نہ ہو سکے۔