مزید خبریں

بینظیر بھٹو فٹبال ٹورنامنٹ‘آل برادرز ملیر کی کامیابی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ اسپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام شہید بے نظیر بھٹو یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ میں آل برادرز ملیر نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کے شہرت یافتہ کلب موسی لاشاری ایف سی کو ایک گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا‘ کے ایم سی اسٹیڈیم کے سبزہ زار پر ہونے والا یہ مقابلہ دونوں ٹیموں کی طرف سے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی شرکت کے سبب انتہائی دلچسپ فرہا۔ وقفہ تک دونوں تیمیں بغیر کسی گول کے برابر تھیں‘ وقفہ کے بعد دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کے لئے عمدہ ڈربلنگ اور شارٹ پاسز کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین فٹبال کو محظوظ کیا‘ کھیل کے56 ویں اور62 ویں منٹ میں موسی لاشاری کو گول کرنے کے مواقع ملے لیکن ان کے فارورڈز گول اسکور کرنے میں ناکام رہے۔ 77 ویں منٹ میں آل برادرز ملیر کے انٹرنیشنل کھلاڑی بابر کو گول کرنے کا ایک سنہری موقع ملا جسے انہوں نے بغیر کسی غلطی کے گیند جال کے حوالے کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی‘ کھیل کا مقررہ وقت ختم ہونے تک حریف ٹیم گول برابر نہ کر سکی‘ کے پی ٹی سے تعلق رکھنے والے انٹرنیشنل کھلاڑی نصیر احمد اس میچ کے مہمان خصوصی تھے‘میچ کو ریفری زاہد نے طاہر اور کریم کی معاونت سے سپروائز کیا۔