مزید خبریں

محکمہ پولیس میں کالی بھیڑوں کی گنجائش نہیں‘آئی جی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت سلیم واحدی آڈیٹوریم کلفٹن میں پہلا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی،تمام ڈی آئی جیز اور ضلعی ایس ایس پیز کو اپنی پالیسی اور ترجیحات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اورمزید ضروری احکامات دیے۔ انہوں نے ہدایات دیں کہ آپریشنل اور انویسٹی گیشن امور واقدامات کو مشترکہ حکمت عملی سے مؤثر بناتے ہوئے بالخصوص شعبہ تفتیش کی کارکردگی کو بہتر کیا جائے اور اس حوالے سے پراسیکیوٹرز سے مربوط روابط کو بھی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ کالی بھیڑوں کی محکمہ پولیس سندھ میں کوئی گنجائش نہیں ہے اور ایسے افسران کو آئندہ کوئی بھی اہم ذمہ داری نہیں دی جائیگی ۔آئی جی سندھ نے کہا امن وامان کے حالات پر کنٹرول اور عوام کے جان ومال کا تحفظ ہی ہمارا اصل کام ہے اور اس حوالے سے کوئی بھی غفلت یا لاپروائی ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی۔۔غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ کیسز کی ڈی ٹیکشن اور ملزمان کی متعلقہ عدالتوں سے سزائیں،پولیس کی پرائمری ذمہ داری ہے لہٰذا اس ضمن میں جملہ ضروری امور واقدامات کو انتہائی ٹھوس اور نتیجہ خیز بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کے مختلف اضلاع کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے میں بذات خود صوبے بھر کا دورہ کرونگا۔ان کا کہنا تھا کہ ہاؤس رابریز اور دیگر کیسز کی تفتیش اور تحقیقاتی عمل کی متعلقہ ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز بذات خود مانیٹرنگ کریں اور اپنی پیشہ وارانہ مہارت،تجربوں کی بدولت کیسز کو نا صرف منطقی انجام تک پہنچائیں بلکہ ملوث ملزمان کو مثالی سزائیں بھی متعلقہ عدالتوں سے سنوائی جائیں۔