مزید خبریں

بجلی کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت واپس لیا جائے ،جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ فیول ایڈجسٹمنٹ آڑ میں بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ قابل مذمت ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے صارفین پر 26 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔ظالمانہ اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔ حکمرانوں نے مظالم کی انتہا کر دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص کارکردگی کی بدولت آئی پی پیز کو ادائیگیوں کا بوجھ 1800 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ حکومت میں شامل مافیا اپنے اپنے مفاد کی خاطر ایک دوسرے کے خلاف ہی سرگرم ہیں۔حکمرانوں کے پاس جھوٹے دعوؤں اور وعدوں کے سوا کچھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر شخص پریشان ہے،پاکستان کے عوام کو حکمرانوں کی کسی بات پر اعتماد نہیں رہا۔ حکومتی ناقص پالیسیوں کی بدولت سرمایہ کاری رک چکی ہے۔ غیر یقینی صورتحال اور سیاسی عدم استحکام تاجروں کے لیے سب سے بڑی پریشانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی پی ڈی ایم کی حکومت عوام اور سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئی اور موجودہ دور حکومت میں بھی ان لوگوں سے خیر کی کوئی امید نہیں۔