مزید خبریں

محکمہ جنگلات سندھ کے ملازمین 3 ماہ سے تنخواہ سے محروم

کراچی (رپورٹ: محمد انور) حکومت سندھ کے محکمہ جنگلات کے ملازمین کی تنخواہیں، مالی بحران اور بجٹ کی منظوری نہ ہونے کی وجہ سے بند کردی گئی ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق مارچ اور اپریل کی تنخواہیں نہ ملنے کے بعد اب عید الاضحی کے قریب ماہ مئی کی تنخواہوں کی ادائیگی بھی نہ کیے جانے کے خدشات ہیں۔ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے محکمے کے سیکڑوں ملازمین میں تشویش پائی جاتی ہے۔ ملازمین و افسران کا کہنا ہے کہ عیدالاضحٰی کے قریب بھی تنخواہیں نہ ملنے کی صورت میں خوشیاں ماند پڑ جائیں گی اور وہ عید منانے سے محروم ہوجائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ کے افسران نے چیف سیکرٹری سندھ کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے بارے میں مطلع کرکے فوری تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے سفارشی مراسلہ لکھ دیا ہے۔