مزید خبریں

اشرافیہ نے زراعت تباہ کردی،کمیونسٹ پارٹی، سندھ ہاری کمیٹی

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان سندھ کے سیکرٹری کامریڈ اقبال اور سندھ ہاری کمیٹی کے صدر پروفیسر میر منور ٹالپر نے کہا ہے کہ حکمران اشرافیہ نے سازش کے تحت زراعت تباہ کردی، بھاری ٹیکسز، بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کی وجہ سے صنعت کو تباہ کر کے پاکستان کو کنزیومر مارکیٹ بنا دیا اور اب خوراک کے لیے ملک کو غیر ملکی منڈی بنانے کی سازش کا حصہ بن گئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گندم اسکینڈل میں ملوث تمام کرداروں کو فوری گرفتار کرکے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، کسانوں اور کاشتکاروں سے طے شدہ قیمت پر گندم خریدنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ رہنمائوں نے کہا کہ گندم اسکینڈل کی وجہ سے سب سے زیادہ کسان اور کاشتکار متاثر ہو رہے ہیں لیکن اس طرح کی کرپشن کے برے اثرات محنت کش عوام پر بھی پڑیں گے اور معاشی صورتحال سنگین ترین بحران کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ سندھ میں محکمہ خوراک کے افسران اور گندم کے تاجر مافیاکی ملی بھگت سے کسانوں اور کاشتکاروں کا استحصال کر رہے ہیں، گندم کی پیکنگ کے لیے بار دانہ فراہم نہیں کیا جا رہا۔