مزید خبریں

۔9 مئی کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا چاہئے،صدر مملکت

اسلام آباد(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) صدرمملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ 9 مئی کو پاکستان کی تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا، 9 مئی کو تشدد کے ذمے داران کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھیرانا چاہیے۔صدر مملکت نے اپنے بیان میں 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو سیاسی طور پر مشتعل ہجوم نے ملک بھر میں کہرام مچایا اور سرکاری املاک اور فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات سے ملک کا تاثر بری طرح متاثر ہوا اور پرتشدد واقعات سے صرف پاکستان کے دشمنوں کے مفادات
پورے ہوئے، حملے ریاستی رٹ ، قانون کی حکمرانی اور اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش تھے۔صدر نے کہا کہ پرامن مظاہرے اور تعمیری تنقید جمہوریت کی روح ہیں، آئین ِپاکستان میں اجتماع اور اظہار رائے کے بنیادی حقوق دیے گئے ہیں جنہیں آئین اور قانون کے مطابق انتہائی ذمے داری سے استعمال کیا جانا چاہیے۔انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی حقوق کا غلط استعمال کرکے تشدد پر اکسانے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ذمے دار جمہوریتوں میں سیاسی مفاد کے لیے ریاستی املاک کی تباہی ، توڑ پھوڑ کبھی نہیں دیکھی۔صدر مملکت نے مسلح افواج اور اس کے اداروں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج مختلف خطرات سے قوم کے دفاع میں پیش پیش رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پہلے ہی متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، اورسیاسی قوتوں کے غیر ذمے دارانہ عمل سے ترقی کا عمل متاثر اور سماجی و اقتصادی چیلنجز میں بھی مزید اضافہ ہوتا ہے۔ صدر کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی صورتحال متقاضی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں رواداری ، جمہوری اقدار کے فروغ ، سیاسی مذاکرات اور قوم کی درست سمت میں رہنمائی کے لیے کام کریں۔صدر مملکت نے اپنے بیان میں بہتر مستقبل کی تعمیر ، سیاسی تقسیم اور نفرت ختم کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔