مزید خبریں

سندھ ،پنجاب اور بلوچستان اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا،9 مئی واقعات پر مذمتی قراردادیں پیش کی جائینگی

کوئٹہ/کراچی/لاہور(نمائندگان جسارت) سندھ ‘ پنجاب اوربلوچستان اسمبلی کااجلاس آج طلب کرلیا گیا‘ تینوں اسمبلیوں میں 9مئی کے واقعات کیخلاف مذمتی قرارداد پیش کیے جانے کاامکان‘گورنر بلوچستان نے آج 9مئی کے موقع پر بلوچستان اسمبلی کا اجلاس صبح11 بجے طلب کر لیا۔گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے آئین پاکستان کے آرٹیکل 109(اے) کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس طلب کیا۔بلوچستان اسمبلی کا اجلاس9مئی بروز جمعرات کو صبح 11 بجے صوبائی اسمبلی ہال میں طلب کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 9مئی کے پیش نظر جمعرات کو پنجاب اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔ان اجلاسوں کے دوران گزشتہ سال 9 مئی کو پیش آنے والے واقعات کے حوالے سے مذمتی
قررادادیں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ادھر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی سندھ اسمبلی کااجلاس کل 9مئی کو طلب کرلیا ہے‘ اجلاس میں سانحہ نو مئی کیخلاف مذمتی قرارداد پیش کی جائے گی‘ پیپلزپارٹی کی خاتون رکن اسمبلی سعدیہ جاوید نے قرارداد اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی ہے۔دوسری جانب حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے اجلاس کے موقع پر تلخیوں اورجھڑپوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے اور دونوں جانب سے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ حکومت باآسانی قرارداد منظوری کرانے میں کامیاب ہوجائیں گی‘ جبکہ اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کے بعد واک آؤٹ بھی کیاجاسکتا ہے۔
اسمبلی اجلاس