مزید خبریں

9 مئی پر آزاد کمیشن بناکر تحقیقات کی جائیں ،ملوث عناصر کو سزا دی جائے،عارف علوی

لاہور (نمائندہ جسارت) سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں 9مئی واقعات پرآزاد کمیشن بنے،تحقیقات کی جائیں اور ملوث عناصر کو سزا دی جائے،جو ٹرائل کرنا ہے کریں مگر جو عوام نے انتخابات میں فیصلہ کیا اس کی عزت کی جائے،بانی پی ٹی آئی واحد لیڈر ہے جو دنیا میں مقبول ہے، اگر ایسے لوگ اللہ نے پاکستان کو دئیے ہیں تو قدر کیجئے ۔ رہنما تحریک انصاف و سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 9مقدمات میں گرفتار پی ٹی آئی رہنمائوں ڈاکٹر یاسمین راشد، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور
اعجاز چودھری سے ملاقاتیں کیں ۔ گرفتار پی ٹی آئی رہنمائوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آپ سب لوگ پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، آپ لوگ دہشت گردی کے کیسز کا سامنا کررہے ہیں، آپ فکر نہ کریں لوگ ہمارے ساتھ ہیں، بانی پی ٹی آئی پاکستان کے سب سے مقبول لیڈر ہیں۔اس موقع پر سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ باہر جاکر میرا پیغام دے دیں کہ ظلم کرنے والے سن لیں جیل میں بلیوں ، چھپکلیوں سے ڈرنے والی نہیں، میں جیل میں خوش ہوں، جتنی زیادتیاں کرنی ہیں کرو۔ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ مجھے جیل میں بلیوں اور چھپکلیوں سے مقابلہ کرنا پڑتا ہے، آدھا دن مقابلے میں جبکہ آدھا دن کتابیں پڑھنے میں گزرتا ہے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ ہمیں بانی پی ٹی آئی نے بار بار جمہوریت پر عملدرآمد ہی کی تاکید کی ہے۔میں اپنے دوستوں سے ملنے آیا تھا، بہت روز بعد ملا ان کا حال احوال اور پریشانیاں سنیں، وہ انصاف کے متقاضی ہیں، جو ٹرائل کرنا ہے کریں مگر جو عوام نے انتخابات میں فیصلہ کیا اس کی عزت کی جائے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی واحد لیڈر ہے جو دنیا میں مقبول ہے، اگر ایسے لوگ اللہ نے پاکستان کو دئیے ہیں تو قدر کیجئے، انتخابات کے دوران ہمارا نشان تک چھینا گیا لیکن پھر بھی عوام نے ساتھ دیا۔عارف علوی نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پریس کانفرنس میں کمیشن کا کہا گیا میں پورا اتفاق کرتا ہوں،قران کی ہدایت ہے کہ دونوں فریقین کوسن کر فیصلہ کیا جائے، میں چاہتا ہوں کہ 9مئی کے واقعات پر کمیشن بنے، تحقیقات کی جائیں اور ملوث عناصر کو سزا دی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں طرف کے لوگوں کو درگزر کرنا پڑے گا، قوم اکٹھی ہے فوج کی قدر کرتی ہے۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو اور خط میں کہا کہ پہلے قوم سے انکی پسند، انکے ووٹ کا حق چھنینے والے معافی مانگیں ، الیکشن چوری کرنے والے قوم سے معافی مانگیں ،فارم 47پر جعلی حکومت بنوانے والے پہلے قوم سے معافی مانگیں۔ 9مئی کی آڑ میں چادر اور چار دیواری کی عزت کو پامال کرنے والے معافی مانگیں ۔لوگوں کے پسندیدہ لیڈر، انکی پارٹی کو ختم کرنے کی سازش کرنے والے معافی مانگیں ۔ کیڑے والی گندم منگوا کت قوم کا پیسا ضائع کرنے والے معافی مانگیں ۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کسان سے انکی اجرت چھیننے والے معافی مانگیںانکی محنت کو ضائع کرنے والے معافی مانگیں ، ابھی تک صرف پنجاب کی نا اہل نا لائق فارم 47کی حکومت نے گندم کی خریداری شروع نہیں کی باقی سب صوبوں میں خریداری شروع ہوچکی ہے، پنجاب حکومت نے پہلے کسانوں کو زیادہ گندم اگانے کیلئے کہا اور اب ان کی محنت، خون پسینے کی کمائی کو آگ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے، کسان اجکل سڑکوں پر رل رہے ہیں چیف جسٹس صاحب انہیں کون پوچھے گا ؟ ۔