مزید خبریں

بشام حملے میںاپنے شہریوں کے ملوث ہونے کادعویٰ مسترد کرتے ہیں، افغانستان

کابل (جسارت ڈیسک) افغانستان نے خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے بشام میں 26 مارچ کو چینی باشندوں پر ہونے والے حملے میں اپنے شہریوں کے ملوث ہونے کے پاکستان کے دعوے کو مسترد کردیا۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق کابل سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں افغان وزارت دفاع کے ترجمان عنایت اللہ خوارزمی نے پاکستان کے دعوئوں کو غیر ذمہ دارانہ اور حقیقت سے دور قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات پر افغانستان کو مورد الزام ٹھہرانا سچائی سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ایسے علاقے میں چینی شہریوں کا قتل جو پاکستانی فوج کے سخت حفاظتی حصار میں تھا، پاکستانی سیکیورٹی اداروں کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ امارت اسلامیہ نے اس معاملے پر چین کو یقین دہانی کرائی ہے اور وہ بھی اس حقیقت کو سمجھ چکا ہے کہ افغان شہری اس طرح کے معاملات میں ملوث نہیں ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ داعش کے ارکان پاکستان سے افغانستان میں داخل ہو رہے ہیں۔ترجمان وزارت دفاع نے کہا کہ ہمارے پاس داعش کے پاکستان کی سرزمین سے افغانستان میں داخل ہونے کے بہت سے شواہد موجود ہیں اور پاکستانی سرزمین ہمارے خلاف استعمال ہو رہی ہے جس کا پاکستان کو جواب دینا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان، پاکستان کے استحکام اور سلامتی کو اپنے اور خطے کے مفاد میں سمجھتا ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بھائی چارے اور اچھے تعلقات پر یقین رکھتا ہے۔