مزید خبریں

سی این ایس انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کاافتتاحی میچ محمد شفیق کمال نے جیت لیا

کراچی۔(اسپورٹس رپورٹر) 16ویں چیف آف دی نیول ا سٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کا روشن خان جہانگیر خان ا سکواش کمپلیکس کراچی میں آغاز ہوگیا۔ افتتاحی میچ میں محمد شفیق کمال نے حازم حشام کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل محمد سلیم نے چیمپئن شپ کا افتتاح کیا۔ چیمپئن شپ کے دوران 24کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے جن میں آسٹریا، جمہوریہ چیک، ہالینڈ، مصر، برطانیہ، ہانگ کانگ اور ملائیشیا کے 19بین الاقوامی کھلاڑی شامل ہیں۔ٹورنامنٹ کے ڈائریکٹر کموڈور توقیر احمد خواجہ نے استقبالیہ خطاب میں حاضرین کو آگاہ کیا کہ پاک بحریہ گزشتہ2 دہائیوں سے چیف آف دی نیول سٹاف اوپن اسکواش چیمپئن شپ کا انعقاد کر رہی ہے۔ چیمپئن شپ کے دوران کل 23میچز کھیلے جائیں گے جن میں 4کوارٹر فائنلز، 2سیمی فائنلز اور 12مئی 2024کو گرینڈ فائنل شامل ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ چیمپئن شپ کھیلوں کے فروغ میں باالعموم اور ا سکواش کے فروغ میں باالخصوص مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے اس میگا ایونٹ میں کھلاڑیوں کے جذبے کو سراہا اور آفیشلز اور اسپانسرز کے تعاون اور تقریب میں موجودگی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔اس سال چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ میں 4نئے ایونٹس شامل ہوں گے جن میں خواتین، انڈر 13بوائز،انڈر15بوائز اور انڈر 15گرلز کی کیٹیگریز شامل ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ پروفیشنل اسکواش سرکٹ کی بین الاقوامی گورننگ باڈی، پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن کے ساتھ رجسٹرڈ ہے۔اس ٹورنامنٹ میں انعامی رقم 20ہزار امریکی ڈالر ہے۔