مزید خبریں

شریف حکومت نے مہنگائی کے مارے عوام پر ایک اور بجلی بم گرادیا،قیمت میں 2 روپے 83 پیسے فی یونٹ اضافہ

اسلام آباد/ کراچی (آن لائن/ اسٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک) بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 83 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا گیا۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق رواں ماہ کے بجلی بلوں پر ہوگا۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے صارفین پر 26 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ آئی پی پیز کو ادائیگیوں کا بوجھ 1800 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ اور وزارت توانائی پر آئی پی پیز کی جانب سے ادائیگیوں کے لیے دباؤ بڑھا دیاگیا کہ آئی پی پیز کی ادائیگیوں کے لیے رقم کا اجرا کیا جائے اور فیول سپلائی کو بہتر بنایا جائے۔وزرات خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ آئی پی پیز کو ادائیگیوں میں تاخیر کرنے سے توانائی کی پیداوار میں کمی کا خدشہ ہے جبکہ سرکاری گارنٹی کے سبب ادائیگیوں میں تاخیر سے لیٹ پیمنٹ سرچارچ عاید ہونے کا بھی خدشہ ہے۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ شعبہ توانائی کا گردشی قرضہ 2310 ارب روپے کی سطح تک پہنچ چکا ہے، آئی پی پیز کو ادائیگیوں کے لیے تقریباً 140 ارب روپے رواں ہفتے جاری کیے جائیں گے۔