مزید خبریں

لاہور: وکلاء اور پولیس میں جھڑپیں ،لاٹھی چارج ،شیلنگ ،50 سے زائد گرفتار،متعدد زخمی،پاکستان بار کا آج ملک گیر ہڑتال کا اعلان

لاہور/ کراچی/ اسلام آباد (نمائندہ جسارت/ آن لائن/ اسٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور میں وکلا اور پولیس میں جھڑ پیں ہوئیں‘ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی گئی‘50 سے زاید وکلا کو گرفتار کرلیا گیا‘ متعدد زخمی ہوئے، پاکستان بار نے آج ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے جی پی او چوک پر سول عدالتوں کی منتقلی اور وکلا پر دہشت گردی کے مقدمات کے خلاف وکلا کی ریلی پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی، وکلا اور پولیس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ سمیت 7 اہلکار زخمی ہوگئے، لاہور ہائی کورٹ کے باہر جی پی او چوک پر پولیس اور احتجاجی وکلا کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پولیس نے متعدد وکلا کو گرفتار کر لیا ہے اور انہیں جی پی او چوک سے قریب ترین تھانوں میں منتقل کر دیا ۔ بتایا گیا ہے کہ وکلا اور پولیس کے درمیان تصادم اس وقت شروع ہوا جب لاہور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی کال پر وکلا ایوان عدل میں ایک اجلاس کے بعد ریلی کی شکل میں اپنے مطالبات کی حمایت میں نعرے بازی کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کے باہر جی پی او چوک پہنچے اور رکاوٹیں ہٹا کر ہائی کورٹ کے اندر جانے کی کوشش جس پر پنجاب پولیس کے اہلکاروں نے وکلا کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور شیلنگ کی‘ واٹرکینن کا استعمال بھی کیا۔ 50 سے زاید وکلا کو حراست میں لے لیا گیا جب کہ جھڑپوں میں ایک ایس پی،2 ایس ایچ اوز سمیت 9 پولیس اہلکا بھی زخمی ہوئے۔ صدر لاہور بار منیر بھٹی کا کہنا ہے کہ ہمارا مطالبہ ملک میں قانون کی حکمرانی ، انصاف کی فراہمی اور آزاد عدلیہ ہے‘ عدالتوں کی منتقلی کے نوٹس اور 7 اے ٹی اے واپس لیے جائیں۔ مال روڈ پر ٹریفک بری طرح متاثر رہا یہاں تک کہ اعلیٰ پولیس حکام کو صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد مزید نفری بھی طلب کرنا پڑی جبکہ احتجاج میں لاہور ڈسٹرکٹ بار ،لاہور ہائی کورٹ بار اور پنجاب بار کونسل کی نمائندہ قیادت بھی پیش پیش تھی ۔ لاہور وکلا واقعہ پر پاکستان بار کونسل کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ لاہور میں پرامن وکلا پر پولیس نے شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا ہے‘ جس کے خلاف پاکستان بار کونسل نے آج 9 مئی کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا‘ پولیس شیلنگ اور لاٹھی چارج سے مختلف وکلا سمیت ممبر پاکستان بار کونسل احسن بھون بھی زخمی ہوئے، پاکستان بار اور سپریم کورٹ بار لاہور واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں‘واقعہ لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی وجہ سے پیش آیا۔لاہور میں پولیس کے وکلا پر تشدد کے خلاف کراچی میں وکلا نے ہڑتال کا اعلان کردیا۔ کراچی بار ایسوسی ایشن کی جان سے (آج)9 مئی کو عدالتوں کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کردیا ۔کراچی بار کے اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ لاہور میں پر امن وکلا پر پولیس نے تشدد کیا‘ آنسو گیس فائر کیے گیے ‘ تمام سیشن ججز کو عدالتی امور معطل رکھنے کی درخواست کی گئی ہے۔