مزید خبریں

وزیراعظم کا ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان،پاکستان اسکل کمپنی کے قیام کا حکم

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ہے کہ تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی،پاکستان میں 2 کروڑ 60 لاکھ بچوں کا اسکول نہ جانا بڑا چیلنج ہے، پاکستانی قوم عزم و حوصلہ سے کسی بھی چیلنج پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے، ملک میں تعلیم کے شعبہ کی خود نگرانی کروں گا، ہم یکسو ہو کر چلیں تو پاکستان ہر شعبے میں اپنا نام پیدا کرے گا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو شعبہ تعلیم سے متعلق قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ ایک انتہائی اہم کانفرنس ہے، تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، برطانیہ کی پاکستان میں تعلیم، فنی و پیشہ وارانہ تعلیم کے فروغ کے لیے تعاون قابل ستائش ہے، بابائے قوم کا بھی فرمان ہے کہ تعلیم ہمارے لیے زندگی اور موت کا معاملہ ہے، کسی بھی قوم کی ترقی تعلیم سے جڑی ہوئی ہے، بچوں میں غذائی کمی ایک بڑا چیلنج ہے جس پر قابو پانے کی ضرورت ہے، ہمارے ملک میں 2کروڑ60لاکھ بچے اور بچیاں اسکول سے باہر ہیں، تعلیم کے فروغ کے لیے مالی وسائل کی فراہمی سب سے بڑا مسئلہ ہے لیکن جب عزم پختہ ہو تو چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے، پاکستان چیلنجز پر قابو پا کر ہی ایٹمی قوت بنا۔ انہوں نے کہا کہ میں تعلیم کے شعبہ کی خود نگرانی کروں گا اور یہ 2 کروڑ 60 لاکھ بچے جو اسکول سے باہر ہیں بہت جلد اسکولوں میں ہوں گے، جس طریقے سے ہم نے پنجاب میں تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات کیے ایسے ہی اقدامات کو پورے ملک میں یقینی بنایا جائے گا، اس کے لیے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کرتا ہوں، میں چاروں صوبائی وزرا اعلیٰ سے بھی ملوں گا، تعلیم ہمارے بچوں اور مستقبل کا معاملہ ہے، تعلیم کے بغیر ترقی و خوشحالی کا مقصد حاصل نہیں کیا جا سکتا۔انہوننے کہا کہ ہم یکسو ہو کر چلتے رہے تو پاکستان ہر شعبے میں اپنا نام پیدا کرے گا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہاکہ پاکستان میں اسکول نہ جانے والے بچوں کو تعلیم کی فراہمی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔خوشی ہے کہ وزیراعظم محمد شبہازشریف کے قیادت میں تعلیم کے شعبے پر ترجیح دی جارہی ہے۔ اسکول سے باہر بچوں کی بڑی تعداد باعث تشویش ہے۔ پاکستان میں دیگر ممالک کی نسبت زیادہ بچے اسکول سے باہر ہیں۔ دنیابھر میں اسکول سے باہر بچوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ فوری اقدامات کے ذریعے اسکولوں میں بچوں کے اندراج کی شرح بڑھانا ہوگی۔برطانیہ تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لیے پاکستان کی بھرپور معاونت کریگا۔ تعلیم سے متعلق2030کے عالمی اہداف کے حصول کو یقینی بناناہو گا۔عالمی بینک کے نائب صدر مارٹن ریزر نے کہا کہ غذائیت کی کمی کے شکار بچے اپنی تعلیم پر توجہ نہیں دے پاتے، تعلیم کے فروغ اور اس شعبہ میں اصلاحات کے پروگرام کی عالمی بینک حمایت کرتا ہے،بچوں اور خاص طور پر لڑکیوں کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے، عالمی بینک تعلیم کے شعبہ میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ کانفرنس سے وفاقی وزیرتعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی،پاکستان میں یونیسیف کے نمائندے عبداللہ اے فاضل اور عالمی ادارہ خوراک کی نمائندہ کوکو اوشی یاما نے بھی خطاب کیا۔