مزید خبریں

حیدرآباد ،نیوز چینل کی ٹیم کو یرغمال بنانے کیخلاف صحافی سراپا احتجاج

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد نیوزکیمرا مین ایسوسی ایشن کی اپیل پر مقامی نیوز چینل ٹائم نیوز کی ٹیم کو پولیس اہلکارو کی جانب سے کوریج کے دوران یرغمال بنانے کے واقعہ کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے رہنمائوں حسیب رند، سینئر صحافی فرحان آفندی، راجا انور چانڈیو، منیر راجڑ اور دیگر نے کہا کہ ٹائم نیوز چینل کی ٹیم تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے سول اسپتال حیدرآباد کی انتظامیہ سے اجازت لینے کے بعد آرتھو پیڈک وارڈ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران زخمی ہونے والے ملزمان کی کوریج کے دوران وارڈ میں تعینات اے ایس آئیز غلام محمد ،محمد ریاض اور چوکی انچارج نے ٹائم نیوز کی ٹیم کو کوریج کرنے سے روکا اور انہیں یرغمال بنا کر اے ایم ایس کے آفس منتقل کر دیا جہاں ٹائم نیوز کے رپورٹر امتیاز کھوسواور کیمرہ مین نیاز ملا ح سے کیمرہ اورموبائل فون چھین کر ریکارڈنگ ڈیلیٹ کرنے کی کوشش کی اور اس دوران اطلاع ملنے پر صحافی برادری کے پہنچنے کے بعد پولیس اہلکاروں نے ٹائم نیوز کے رپورٹر اور کیمرہ مین کو چھوڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کو 36گھنٹے سے زائد گزر جانے کے باوجود اب تک ایس ایس پی حیدرآباد سمیت ڈی آئی جی نے اس معاملے کا کوئی نوٹس نہیں لیا ہے جس کی وجہ سے صحافی خود کو پولیس سے غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں لیکن صحافی اس وقت خاموش نہیں بیٹہیں گے جب تک واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف موثر کاروائی نہیں کی جاتی۔ انہوں نے آئی جی سندھ پولیس سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا نوٹس لیں تاکہ صحافیوں کو فرائض کی ادائیگی کے دوران یرغمال بنانے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کاروائی ہو سکے۔ مظاہرے میں صحافی ارشد جبار قریشی، ذاکر لغاری، جمیل پٹھان ،عمیر علی، عرفان جھکڑو اور دیگر بھی شریک تھے۔