مزید خبریں

حیدرآبد ،بجلی کی لوڈشیڈنگ سے تاجربرادری پریشان

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) شمع کمرشل ایسوسی ایشن اینڈ ٹریڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز علی راجپوت کی قیادت میں جنرل سیکرٹری نواب الدین قریشی اور فنانس سیکرٹری رضوان احمد قاضی پر مشتمل تین رکنی وفد نے ایس ڈی او حیسکو سب ڈویژن لیاقت کالونی حضرت حسین سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد نے شمع کمرشل ایریا کے تاجروں کو درپیش مسائل سمیت بجلی بلوں کی مدمیں حیسکو کے مطابق 116 فیصد ریکوری کے باوجود 7 گھنٹے سے زائد لوڈ شیڈنگ اور ٹرپنگ جیسی صورتحال سے ایس ڈی او لیاقت کالونی کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ ریکوری کے حامل علاقوں میں حیسکو بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں کرتا لیکن سب ڈویژن لیاقت کالونی میں شمع کمرشل ایریا کی تاجربرادری حیسکو کے مطابق 116 فیصد ادائیگی کے باوجود بدترین لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے فیکٹری اور کارخانہ مالکان شدید ذہنی اذیت سے دوچار ہیں اور پروڈکشن بھی شدید متاثر ہورہی ہے جس سے لاگت میں بھی بے تحاشا اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حیسکو چیف بشیر گجر نے ایسوسی ایشن کی درخواست پر اور بہتر ریکوری کو دیکھتے ہوئے اولڈ لیاقت کالونی فیڈر سے ڈومیسٹک کنکشن پر مشتمل ایک پورا بیج علیحدہ کیا جس سے صد فیصد سے زائد ریکوری دینے والے شمع کمرشل ایریا میں بجلی کی صورتحال میں کافی حد تک بہتری پیدا ہو ئی جو یقینی طور پر حیسکو چیف کا ایک احسن اقدام ہے۔ اس موقع پر ایس ڈی او حضرت حسین نے ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری بجلی چوری کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ نادہندہ صارفین سے ریکوری میں حیسکو کا ساتھ دے تاکہ صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائی جاسکے، ایس ڈی اونے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ شمع کمرشل ایریا کی تاجربرادری سے حیسکو کو بھرپور ریکوری حاصل ہورہی ہے جس پر ہم ان کے جذبہ کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے حوالے سے شمع کمرشل ایریا کی تاجربرادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے اور صنعتوں کو تسلسل کے ساتھ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کے وفد کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔