مزید خبریں

ٹنڈوآدم،پاورلومزمزدوریونین کاپریس کلب کے سامنے احتجاج

ٹنڈوآدم ( نمائندہ جسارت) ٹنڈوآدم میں پاور لومز مزدور یونین کاٹن اینڈ سلک اور نیشنل لیبر فیڈریشن کی جانب سے ٹنڈوآدم پریس کلب کے سامنے اپنے حقوق کے لئے پر امن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرے کی قیادت سٹی صدر نیشنل لیبر فیڈریشن ندیم بھٹی، مزدور یونین کے نظام شاہ، مختار بیہن، عزیز انصاری، قاصد انصاری نے کی مظاہرے میں سیکڑوں مزدوروں اور پاور لومز کے چھوٹے کھاتے داروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مظاہرین مسلسل نعرے بازی کررہے تھے اور اپنے حقوق کے لئے نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیر مشتاق احمد عادل مزدوروں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مظاہرے میں شریک ہوئے مزدور رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے حقوق کے لئے پر امن طور پر سڑکوں پر نکلے ہیں بڑے ٹھیکیدار ہمیں ہمارا حق نہیں دے رہے جبکہ مہنگائی کی وجہ سے ہر شخص پریشان ہے چھوٹے مزدوروں کے علاوہ چھوٹے کھاتے دار بھی پریشانی کا شکار ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ہمارے کام کے حساب سے اجرت پوری نہیں مل رہی بڑے بڑے انڈسٹریل اور صنعت کار ہمارا حق کھا رہے ہیں ہم مقروض ہوچکے ہیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے نائب ضلعی امیر مشتاق احمد عادل نے مزدوروں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ یہ مزدور ہی ہے جس کی محنت کی وجہ سے آپ لوگ سرمایہ دار بنے ہو ان کی محنت کی وجہ سے تم اور تمہارے بچے عیش وعشرت کی زندگی گزارتے ہو مزدور کے بہتے پسینے اور محنت کی وجہ سے ہی ملک کا پہیہ چل رہا ہے مگر افسوس کہ ان مزدوروں کے ساتھ ہمیشہ سے ہی حکمرانوں اور صنعت کاروں کی جانب سے زیادتی کی جاتی ہے اس لئے ان کا احساس کرتے ہوئے ان کو ان کا حق دیں ۔اس موقع پر مزدوروں کا کہنا تھا کہ ہمیں اگر ہمارا حق نا دیا گیا تواس پر امن احتجاج کا دائرہ وسیع کردیا جائے گا۔