مزید خبریں

توشہ خانہ گاڑیوں کا ریفرنس:صدر زرداری کیخلاف کارروائی روک دی گئی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس پر کارروائی روک دی۔صدر آصف علی زرداری کی جانب سے وکیل فاروق ایچ نائیک احتساب عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے صدر مملکت کے خلاف کارروائی روکنے کی درخواست دائر کی۔فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ قانون کے مطابق آصف زرداری کو صدارتی استثنا حاصل ہے جب تک وہ صدر ہیں، اْن کے خلاف کیس آگے نہیں چل سکتا۔احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کارروائی روکنے کی درخواست منظور کرلی۔واضح رہے کہ احتساب عدالت میں قومی احتساب بیورو کے دائر کردہ ریفرنس کے مطابق یوسف رضا گیلانی، آصف زرداری اور میاں نواز شریف پر غیر قانونی طور پر گاڑیاں الاٹ کرنے کا الزام ہے،اس ریفرنس میں اومنی گروپ کے سربراہ خواجہ انور مجید اور خواجہ عبدالغنی مجید کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ریفرنس میں کہا گیا کہ آصف زرداری اور نواز شریف نے کاروں کی صرف 15 فیصد قیمت ادا کر کے توشہ خانہ سے گاڑیاں حاصل کیں۔بیورو نے الزام عاید کیا تھاکہ یوسف رضا گیلانی نے اس سلسلے میں نواز شریف اور آصف زرداری کو سہولت فراہم کی اور تحائف کو قبول کرنے اور ضائع کرنے کے طریقہ کار کو غیر قانونی طور پر نرم کیا۔نیب نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ ان ملزمان پر مقدمہ چلا کر سخت ترین سزا دی جائے۔