مزید خبریں

ٹرمپ پھر توہین عدالت کے مرتکب ، ایک ہزار ڈالر جرمانہ

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) نیویارک کی عدالت نے دسویں بار توہین عدالت پر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر پھر جرمانہ عائد کر دیا ۔ خبررساں اداروں کے مطابق نیویارک کی عدالت نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک بار پھر توہین عدالت کا مرتکب قرار دیا اور مین ہٹن فوجداری مقدمے میں گواہوں اور ججوں کو تحفظ فراہم کرنے والے گیگ آرڈر کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ہزار ڈالر جرمانہ عائد کر دیا۔ عدالت نے جرمانہ کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کو وارننگ دی کہ اگر آیندہ خلاف ورزی کی تو انہیں جیل بھیج دیا جائے گا۔۔واضح رہے کہ جج نے ٹرمپ کو گواہوں اور کیس میں ملوث دیگر افراد پر تنقید کرنے سے روکنے کے لیے گیگ آرڈر نافذ کیا تھا۔ جج جوان مرچن نے کہا کہ جرمانے کے اثرات دکھائی نہیں دے رہے ہیں، اس لیے وہ ٹرمپ کو جیل بھیجنے پر مجبور ہوں گے، تاہم ایسا کرنے سے کیس کی عدالتی کارروائیوں میں خلل پڑ جائے گا۔ جج نے کہا کہ میں اس لیے بھی فکرمند ہوں کہ اس اقدام کے لیے عدالتی افسران، سیکرٹ سروس اور مختلف دیگر اہلکاروں کی خدمات لینی پڑیں گی، لیکن آخرکار مجھے یہ کرنا ہی پڑے گا۔جب جج نے اپنا حکم سنایا تو ٹرمپ اپنے بیٹے ایرک ٹرمپ کے ساتھ کمرے میں بینچ پر بیٹھ گئے تھے۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ہش منی کیس کی کارروائی جاری ہے۔ ٹرمپ پر الزام ہے کہ انہوں نے 2016 ء کے صدارتی انتخابات کے موقع پر اپنی ذاتی زندگی سے متعلق خبریں چھپانے کے لیے چالیں چلی تھیں اور رشوت دی تھی۔ ان پر ایک اداکارہ کو چپ رہنے کے لیے دی جانے والی رقم کو چھپانے کے لیے جعلی کاروباری ریکارڈ بنانے کا بھی الزام ہے۔اس سے قبل 17فروری کو بھی نیویارک کی عدالت نے نیویارک سول فراڈ کیس میں ڈونلڈ ٹرمپ، ان کے بڑے بیٹوں اور ساتھیوں کو 35کروڑ ڈالر سے زائد جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ ٹرمپ پر ریاست میں کاروبار کرنے پر 3 سال کی پابندی بھی عائد کی گئی تھی۔جج آرتھر اینگورون نے اپنے فیصلے میں ٹرمپ اور دیگر 2 ایگزیکٹیوز کو نیویارک میں کسی بھی کارپوریشن یا ادارے کے افسر یا ڈائریکٹر کے طور پر کام کرنے سے 3 سال کے لیے روک دیاتھا ۔عدالت نے سابق امریکی صدر کے بیٹوں ایرک اور ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر پر بھی 2 سال کی پابندی عائد کر دی تھی۔کیس میں عدالتی کارروائی 3 ماہ تک جاری رہی جس کے دوران ٹرمپ نے مشتعل ہو کر کمرہ عدالت کے اندر اور باہر جج آرتھر اینگورون کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔