مزید خبریں

فیصل آباد: مقابلہ موسیقی کیخلاف جماعت اسلامی خواتین سراپا احتجاج

فیصل آباد (نمائندہ جسارت) حکومت پنجاب کی جانب سے جاری نوجوانوں کے لیے مقابلہ موسیقی کے خلاف جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام پریس کلب پر احتجاج کیا گیا جس کی قیادت ضلعی ناظمہ جماعت اسلامی ڈاکٹر فہمیدہ الیاس، صدر جے آئی یوتھ ونگ رابعہ خان، نائب ناظمہ ثمرہ رحیم، سعدیہ رحمان، نصرالاسلام نے کیا، احتجاج میں خواتین اور طالبات نے کثیر تعداد شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلعی ناظمہ ڈاکٹر فہمیدہ الیاس نے کہا کہ کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیے گئے وطن عزیز میں قرآن و سنت کے احکامات کے نفاذ کے بجائے حکمران دین بیزار سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جبکہ فلسطینی مسلمان صیہونیوں سے برسر پیکار اور دنیا بھر میں مظلوم مسلمانوں کے حق میں مظاہرے ہو رہے ہیں، حکومت پنجاب نے موسیقی کے مقابلے کروانے کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی ترجیحات درست کریں کیونکہ اس وقت معاشرے میں نوجوان نسل کو موسیقی کی تعلیم و ترویج کے بجائے تعلیمی سہولیات، آئی ٹی سمیت دیگر مفید ہنر سکھانے اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر فہمیدہ الیاس نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ بے مقصد اور غیر اسلامی سر گرمیوں کے انعقاد کو فوری منسوخ کیا جائے۔