مزید خبریں

شیخ جعفر مندوخیل نے بلوچستان کے گورنر کاحلف اٹھا لیا

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)ن لیگی رہنما شیخ جعفر مندوخیل نے بلوچستان کے 24ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ۔ گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس ہاشم کاکڑ نے شیخ جعفرمندوخیل سے حلف لیا۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزرا،ارکان اسمبلی اور بیوروکریٹس نے شرکت کی۔ حلف برداری کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل نے کہا کہ امن وامان کی بہتری کے لیے مل کر کام کریں گے، ناراض لوگوں سے بھی بات کی جائے گی۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں ترقی کی راہ ہموار کریں گے ،بلوچستان کے لوگ خود اپنے ساتھ زیادہ زیادتی کرتے ہیں،وفاق سے ملنے والے فنڈ کا کوئی حساب کتاب ہی نہیں تاہم وفاق بھی مسائل کو حل کرنا چاہتا ہے۔گورنر نے کہا کہ گوادر میں باڑ لگانے سے متعلق کوئی علم نہیں۔ علاوہ ازیںبلوچستان کے نئے گورنر شیخ جعفرخان مندوخیل کا شمار صوبے کے سینئر ترین پارلیمانی سیاسی رہنماؤں میں ہوتا ہے ۔ وہ6 بار بلوچستان اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں۔ ان کا تعلق بلوچستان کے ضلع ژوب سے ہے۔وہ 1956میں ایک مسلم لیگی خاندان میں پیدا ہوئے۔جعفرمندوخیل پیشے کے لحاظ سے ٹھیکیدار ہیں اور ایس کے بی نامی ایک بڑی تعمیراتی کمپنی کے مالک ہیں۔