مزید خبریں

عمر ایوب کی امریکی سفیر سے ملاقات،براہ راست کہہ دیا کسی ملک کی مداخلت برداشت نہیں کرینگے،اپوزیشن لیڈر

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈ ونلڈ بلوم نے اہم ملاقات کی ہے جس میں پاک امریکا تعلقات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،پارلیمانی ذرائع کے مطابق امریکی سفیر نے اپوزیشن لیڈر سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی، ملاقات میں تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان ،اسد قیصر،سیکرٹری اطلاعات رئوف حسن بھی موجود تھے ،یہ ملاقات ایک گھنٹہ سے زائد تک جاری رہی اور بعد ازاں امریکی سفیر روانہ ہوگئے ،ملاقات کے حوالے سے جب امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے سوالات کیے گئے تو انہوں نے کسی بھی سوال کا جواب دینے سے انکار کر دیا اور مسلسل مسکراتے ہوئے پارلیمنٹ سے روانہ ہوگئے ۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ آج امریکی سفیر سے ملاقات ہوئی ہے،ہمیں وزارت خارجہ نے پیغام بھجوایا ہے کہ امریکی سفیر ملنا چاہتے ہیں،وزارت خارجہ کے کہنے پر امریکی سفیر سے ملاقات کی،ملاقات میں ملٹری بیسز کے حوالے سے کوئی بات نہیں کوئی،ملاقات میں امریکی سفیر سے پاکستان میںآئین اور قانون کی بالادستی اورپاکستان کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر بات چیت کی۔جیونیوز کے مطابق عمر ایوب خان نے کہا کہ امریکی سفیر سے براہ راست بات کی ہے کہ کسی ملک کی مداخلت برداشت نہیں کریں گے، ہم نے بارہا کہا کہ یہ پاکستان کے اندرونی مسائل ہیں۔عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہم نے کہا ملک میں رول آف لا ہونا چاہیے جس سے سرمایہ کاری آئیگی۔ان کا کہنا تھا کہ سائفر معاملہ عدالت میں ہے اس کو بار بار دہرانا مناسب نہیں، امریکی سفیر یا کسی غیرملکی کے سامنے اپنے تحفظات نہیں رکھیں گے۔ عمر ایوب کاکہنا تھا کہ متنازع مخصوص نشستوں کے باعث صدر وزیر اعظم اسپیکر کا انتخاب بھی متنازع ہو گئے ہیں یہ انتخابات دوبارہ کروانے پڑیں گے شروع دن سے ہمارا یہی موقف تھا۔