مزید خبریں

اسلام آباد پر حملے کی دھمکی دینے والے کا حشر 9مئی والوں جیسا ہوگا ،سندھ حکومت

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے گزشتہ برس مئی میں پیش آنے والے واقعات کو تاریخ کا سیاہ باب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی کو دہشت گردی کرنے والوں کا جو حشر ہوا ہے وہی اسلام آباد پر حملے کی دھمکی دینے والے کا بھی ہوگا۔ کراچی میں ریڈ لائن بی آر ٹی کے تعمیراتی کام کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین اور بدترین دن ہے، اس دن عوام کو جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب دے کر انتشار پھیلایا گیا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ ذمہ دار پارٹی کی حیثیت سے پیپلز پارٹی حکومت کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ پیپلز پارٹی عوام و قوم کے مفاد اور ملکی ترقی کیلیے حکومت کے ساتھ ہوگی اور ملکی ترقی کے ہر فیصلے میں ہم وفاق کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے ٹرانسپورٹ کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی کا کام 2022ء میں شروع ہوا، مہنگائی کے باعث نگراں دور حکومت میں کام روک دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جناح ایونیو پر ریڈ لائن بی آر ٹی کا کام 3 ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، بسوں کی لاگت کم ہوتی ہے انفرااسٹرکچر پر زیادہ لاگت آتی ہے، حکومت سندھ کی جانب سے ریڈ لائن بی آر ٹی پر ایک مرتبہ پھر کام شروع کروایا ہے۔ یلو لائن بی آر ٹی پر بھی کام شروع ہو چکا ہے، ورلڈ بینک کے تعاون سے بہت سارے منصوبے شہر میں چل رہے ہیں۔