مزید خبریں

ڈاکوئوں کیخلاف آپریشن،سندھ پولیس کی نئی گاڑیوں کیلیے کروڑوں کے فنڈز منظور

کراچی(اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نے صوبے میں پولیس کو مضبوط اور متحرک کرنے کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈ منظور کرلیے جبکہ پیپلز بس سروس کا کرایہ جون تک 50 روپے برقرار رکھنے کی بھی منظوری دی ہے۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا۔وزیر اعلیٰ سندھ نے پولیس کے مختلف ونگز کو مضبوط اور متحرک کرنے کے لیے آپریشنل گاڑیوں کی خریداری کے لیے 177.517 ملین روپے کی منظوری دی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیس کو دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز، کچے کے ڈاکوؤں اور صوبے بھر میں ڈرگ مافیاز کے خلاف کارروائیاں تیز کرنا ہوں گی‘ صدر پاکستان آصف زرداری نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں امن و امان سے متعلق اہم اجلاس کے دوران اس مقصد کے لیے واضح ہدایات دی ہیں اور مجھے بہر صورت امن و امان بحال چاہیے۔ صوبائی کابینہ نے پیپلز بس سروس کا موجودہ کرایہ 50 روپے برقرار رکھنے کے لیے روکی گئی 50 فیصد رقم 289.878 ملین روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی تاکہ رعایتی کرایہ 30 جون 2024 تک جاری رکھا جا سکے۔ کابینہ نے پیپلز بس سروس میں مزید 90 بسوں کے واجبات کی ادائیگی کے لیے 1.18 ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کو ایس ٹی بی بی کا آڈٹ کر کے کابینہ کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔