مزید خبریں

بلوں کی ادائیگی کے باوجود پانی نہیں دیاجارہا‘مکین شمسی سوسائٹی ملیر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شمسی سوسائٹی ایکشن کمیٹی ملیر کراچی کی جانب سے سوسائٹی میں پانی کی قلت پر واٹر بورڈ کیخلاف احتجاج کیا گیا ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ واٹر بورڈ کو بلوں کی باقاعدہ ادائیگی کے باوجود پانی فراہم نہیں کیا جارہا، واٹر بورڈ ان آبادیوں سوسائٹی میں تو پانی فراہم کررہاہے جو بلوں کے نا ہندہ ہیں جبکہ شمسی سوسائٹی ملیر کے مکین بلوں کی ادائیگی کے باوجود پانی سے محروم ہیں جو سراسر ناانصافی اور زیادتی ہے، شمسی سوسائٹی ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ غالباً واٹر بورڈ اور ٹینکر مافیا کا گٹھ جوڑ ہے جس کے باعث گزشتہ پندرہ برس سے سوسائٹی کے رہائشی بورنگ اور واٹر ٹینکر سے پانی کی ضرورت پوری کررہے ہیں، انکا کہنا تھا کہ زیرزمین پانی اتر جانے سے اب بورنگ 50 فٹ گہرائی کے بجائے 400 فٹ پر ہورہی ہے جس سے لاگت مزدوری میں اضافہ ہوگیا ہے، واٹر ٹینکر بھی اب 9 ہزار میں دستیاب ہے، اتنے اخراجات پورے کرنا مکینوں کیلیے مشکل بن ہوچکا ہے جبکہ بورنگ کے پانی کے استعمال سے جلد سمیت دیگر امراض عام ہوگئے ہیں، رہنماؤں نے کہا کہ جو پانی لائینوں میں آنا چاہیے تھا وہ ٹینکروں سے خریدنے پر مجبور ہیں،ہم لوگ ٹیکس دینے والے پرامن شہری ہیں، سوسائٹی کے مکین چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے گزارش کرتے ہیں کہ ہمیں واٹر بورڈ کے ذریعے علاقے میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔