مزید خبریں

پڈعیدن کا واحد گرلز کالج14سال میں بھی مکمل نہ ہوسکا

پڈعیدن (جسارت نیوز) کروڑوں روپے لاگت سے شروع ہونے والا پڈعیدن کا واحد گرلز ڈگری کالج کا کام 14 برس گزرنے کے باوجود بھی مکمل نہ ہو سکا، بلڈنگ مکمل ہونے سے قبل ہی جگہ جگہ دراڑیں پڑنا شروع، طلباء کا مستقبل دائو پر، والدین اور شہریوں کا کام جلد مکمل کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق پڈعیدن کا واحد گرلز ڈگری کالج کا کام 14 سال گزرنے کے باوجود مکمل نہ کیا جاسکا، زیر تعمیر عمارت مکمل ہونے سے قبل ہی جگہ جگہ عمارت میں دراڑیں پڑنا شروع ہو چکی ہیں، ضلع کی تحصیل نوشہرو فیروز سمیت مختلف شہروں پڈعیدن، دریا خان مری، پھل سٹی سمیت دیگر علاقوں کی سیکڑوں بچیاں مہنگائی کے دور میں دور دراز علاقوں میں جاکر تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔ زیر تعمیر واحد ڈگری کالج جو 14 سال میں بھی مکمل نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے، بچیوں کے والدین سیٹھ محمد افضل آرائیں، سیٹھ خلیل راجپوت، غلام محمد راجپر، سیٹھ افضل شیخ، ممتاز علی ابڑو، نور محمد ابڑو، کونسلر سائیں پیر رکن الدین قریشی، کونسلر سیٹھ محفوظ راجپوت، سیٹھ محمد ہاشم مبیجو، نثار علی راجپر، سیٹھ عباد علی آرائیں، سیٹھ عبدالستار آرائیں و دیگر نے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر تعلیم، ایم این اے ذوالفقار علی بیہن، ایم پی اے ضیاء الحسن لنجھار، ایم پی اے ممتاز علی چانڈیو سے مطالبہ کیا ہے کہ پڈعیدن ڈگری کالج کام ہنگامی بنیادوں پر جلد مکمل اور بچیوں کا مستقبل تباہ ہونے سے بچایا جائے۔