مزید خبریں

اسٹیبلشمنٹ کے کھیل کا حصہ بننے والوں کو قوم نشان عبرت بنادیگی،لیاقت بلوچ

کراچی /جیکب آباد(نمائندہ جسارت) مرکزی نائب امیرجماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عبدالحفیظ بجارانی نے پوری زندگی اقامت دین کی جدوجہد میں گذاری ،مظلوم انسانوں کی مددکرکے رب کی رضا حاصل اوروطن عزیز میں قرآن وسنت کانفاذ ان کا مشن تھا۔ان کے مشن کو آگے بڑھاناضلعی جماعت اوران کے خاندان کی اولین ذمے داری ہے مرحوم کی دینی عوامی اورتحریکی خدمات کو ہمیشہ یادرکھا جائے گا۔ میاں اور زرداری کی وزارت عظمیٰ اور صدارت تابعداری پر قائم ہے حکمران مہنگائی گیس بجلی بحران پر عوام کو جوابدہ ہیں،قومی انتخابات دھونس،دھاندلی اور زبردستی تھے، اسٹیبلشمنٹ کے کھیل کا حصہ بننے والی جماعتوں کو قوم نشان عبرت بنادے گی،اتحادوں کی سیاست ناکام اور بے ثمر ہے جس سے بلیک میلنگ،کرپشن بڑھی،مفادات کی خاطر سجدہ ریز ہونے والوں نے عوام کے ارمانوں کاقتل کیا،سیاستدانوں کو اسٹیبلشمنٹ کے راستے اقتدارلینے کا دھندہ ترک کرنا ہوگاقومی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے سیاسی استحکام ہوگا تو معاشی استحکام بھی آئے گا اسمبلیاں بھی اپنی کردارادا کرسکیں گی اور عوام کو بھی اپنا حق ملے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت مقامی ہال جیکب آباد میں سابق صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری شہیدعبدالحفیظ بجارانی کی یاد میں منعقد تعزیتی اجتماع سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا جوکہ سات رمضان شریف کوایک ٹریف حادثے میں شہید ہوگئے تھے ۔مرحوم عبدالحفیظ بجارانی نے بطور امیرضلع جماعت اسلامی کومستحکم ومضبوط کرنے میں بڑاکردار اداکیا۔ بعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ اس وقت پوراسندھ بدامنی کی لپیٹ میں ہے، اسٹریٹ کرائم، اغوا برائے تاوان بڑھ گیا ہے،کچے اور پکے کے ڈاکو ایک دوسرے کے سہولت کار جبکہ حکومت پولیس انتظامیہ قانون نافذکرنے والے اداروں کاکٹھ جوڑ عوام کے لیے وبال جان بن گیا ہے۔ان ساری طاقتوں نے ایک خوف کا ماحول بناکر عوام کو غلام بنایا ہے۔جماعت اسلامی سندھ کے عوام سے یہ عہد کرتی ہے کہ یہ غلامی کی زنجیریں توڑیں گے سندھ میں قیام امن کے لیے اپنی پوری جدوجہد کریں گے۔ تعزیتی ریفرنس سے صوبائی نائب امراء پروفیسرنظام الدین میمن،ممتازحسین سہتو،حافظ نصراللہ چنا،نائب قیم مولانا حزب اللہ جکھرو ،مرحوم کے بھائی وسابق امیرضلع امداداللہ ،صاحبزادے انیس احمد بجارانی، امیرضلع حاجی دیدارلاشاری ،چیمبرآف کامرس کے صدرعلی احمد بروہی،پ ٹ الف کے سابق صدرانتظارچہلگری ،شہری اتحاد کے عالم کھوسہ ودیگر سیاسی سماجی رہنماوں اورسول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی خطاب اورمرحوم کی سیاسی وسماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔