مزید خبریں

برازیل ، چین ، ترکیہ، امارات اور سعودی عرب میں بارش سے تباہی

برازیلیا (انٹرنیشنل ڈیسک) برازیل، چین، ترکیہ، امارات اور سعودی عرب میں بارش نے تباہی مچادی۔ خبررساں اداروں کے مطابق برازیل میں شدید بارش سے 10 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے ۔رہایشی علاقے زیر آب آنے سے ہلاکتوں کی تعداد 29ہوگئی، جب کہ 60لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔ ہزاروں لوگ سیلاب میں پھنس گئے جنہیں محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر کو طلب کیا گیاہے۔ امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش سے سڑکیں تباہ ہوگئیں اور کئی شہروں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔مواصلاتی نظام درہم برہم ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ادھر چین کے صوبے گوانگ ڈونگ میں شدید بارش کے دوران لینڈ سلائیڈنگ سے 48 افراد ہلاک اور 35 افراد زخمی ہوگئے۔متحدہ عرب امارات میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ بارش سے دبئی ائرپورٹ کا فلائٹ شیڈول متاثر ہوا۔ دوسری جانب سعودی عرب کے شہر ظہران میں شدید بارش کی وجہ سے مسجد کی چھت گر گئی ۔ یہ واقعہ شاہ فہد یونیورسٹی کے کیمپس میں واقع مسجد میں پیش آیا ۔ مسجد کی چھت گرنے کے واقعے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ان دنوں سعودی عرب میں معمول سے ہٹ کر طوفانی بارش ہوئی ہے۔ بدھ کے روز سعودی عرب کے کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔ حکام کی جانب سے ملک بھر کے طلبہ کو احتیاط اور حفاظت کے طور پر آن لائن کلاسوں کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تمام شہریوں کو طوفانی موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور گھر وں سے بلا وجہ باہر نکلنے سے منع کیا گیا ہے۔ادھر بارش نے ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں بھی تباہی مچائی۔ موسلادھار بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں ،جس سے نظام زندگی متاثر ہوا اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ۔ کئی میٹرو اسٹیشنوں میں پانی داخل ہونے کے باعث شہر میں میٹرو سروس معطل رہی۔