مزید خبریں

حالات سے سیمنٹ انڈسٹری پر منفی اثرات مرتب ہوں گے

کراچی(کامرس رپورٹر) آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے ڈیرہ اسماعیل خان، ڈیرہ غازی خان، کوہاٹ، میانوالی اور ملحقہ علاقوں میں امن و امان کی خراب صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے سرمایہ کاری کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان، ڈیرہ غازی خان، کوہاٹ، میانوالی اور ملحقہ علاقوں میں امن و امان کی خراب صورتحال سے ان علاقوں میں قائمن سیمنٹ یونٹس کے روز مرہ آپریشن کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ حال ہی میں ان علاقوں میں سے ایک سیمنٹ یونٹ کے ورکرز کو دہشت گردوں نے اغوا کرلیا اور ایک مغوی کو ہلاک کردیا۔ دہشت گرد بھاری مالیت کا بھتہ طلب کررہے ہیں اور نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ یہ نازک صورتحال ہے اور حکومت کو ان علاقوں میں امن و امان کو یقینی بنانے اور دہشت گرد عناصر کو کنٹرول کرنے کے لیے سخت اقدامات کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سیمنٹ انڈسٹری توسیعی مرحلے سے گزررہی ہے جس پر بھاری سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اس طرح کے حالات اس سرمایہ کاری کو خطرے میں ڈال ررہے ہیں جس سے سیمنٹ انڈسٹری پر طویل مدتی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔