مزید خبریں

معاشی بحرانوں کے درمیان متحد اقدام کی ضرورت ہے، یو بی جی

کراچی(کامرس رپورٹر) یونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے قائدین نے پاکستان کے معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے یونیفائڈ اقدام کا مطالبہ کردیا۔یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر،صدر زبیرطفیل، خالدتواب،حنیف گوہر،مظہر علی ناصر،مومن علی ملک نے کہا کہ پاکستان اس وقت اپنے شدید ترین معاشی بحران سے دوچار ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے اقتدار اور اختلاف کی جماعتوں سمیت ہر شعبے سے وابستہ افراد متحد رہ کر اپنا کردار ادا کریں۔ ایک مشترکہ بیان میں یو بی جی کے رہنماؤں نے حکومت، سیاسی جماعتوں اور کاروباری برادری کے درمیان معاشی استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔یو بی جی رہنماؤں نے جمود کا شکار معیشت کو بحال کرنے کے لیے تمام تجارتی اداروں سے تعاون حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مروجہ ”رینٹل بزنس” کی ذہنیت کو ختم کرنے سمیت مختلف شعبوں کو درپیش بنیادی چیلنجوں سے نمٹنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور خاص طور پر اگلے پانچ سالوں میں برآمدات کو دوگنا کرنے کے لیے حقیقی صنعتی اور زرعی ترقی پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔ یونائٹیڈ بزنس گروپ کے رہنماؤں نے مشترکہ کوششوں سے زبردست چیلنجوں کے باوجود بنگلہ دیش کی اقتصادی تبدیلی سے متاثر ہوکر پاکستان میں بھی ایسی ہی کامیابی حاصل کرنے کے امکان پر زور دیا۔مزید برآں یو بی جی نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے زیر اہتمام ایک اقتصادی فورم کے قیام عمل میں لایا جائے تاکہ کاروباری برادری کی سفارشات کو جامع اقتصادی ترقی کے روڈ میپ میں شامل کیا جا سکے۔ انہوں نے اقتصادی بحالی کے لیے اہم شعبوں پر روشنی ڈالی جن میں پڑوسی ممالک کے ساتھ منقطع تجارتی تعلقات کی بحالی، سیاسی استحکام، کاروبار کرنے کی لاگت میں کمی، توانائی کی قیمتوں میں کمی، ایس ایم ای اور کاٹیج سیکٹر کی مالی معاونت اور امن و امان کے خدشات کو دور کرنا شامل ہے۔