مزید خبریں

ملک بھرکے کسان پریشان ہیں،مولانا حزب اللہ جکھرو

سکھر (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی ضلع سکھر کے امیر مولانا حزب اللہ جکھرو نے کہا ہے کہ ملک بھر خصوصاً سندھ پنجاب کے کسان پریشان ہیں، انہیں سرکاری ریٹ اور باردانہ دیا جا رہا ہے، تمام باردانہ ایم این اے ایم پی ایزکے لوگوں کو دیا جا رہا ہے ، عام کسانوں سے سرکاری ریٹس پر خریداری نہیں کی جا رہی ہے، جوان کے ساتھ ذیادتی ہے ،حکومت سندھ میں جیالا نوازی چھوڑ کر عام کسان سے گندم خریداری کا بندوبست کرے۔ سکھر میں مختلف مقامات کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گندم کیلئے جو حکومت نے ٹیمیں مقرر کی ہیں وہ شفاف اور منصفانہ طور پر کام کریں، صرف اپنے لوگوںکو کوٹہ نہیںدیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب شرح سود بڑھا دی گئی ہے،مہنگائی کم نہیںہو رہی ، وزیر اعظم دورے ختم کر دیں حکومتی اخراجات پر قابو پایا جائے ، زرداری نواز شریف شہبا ز شریف اپنی دولت ملک لے آئیں تاکہ آئی ایم ایف کا قرض چکایا جا سکے۔ علاوہ ازیں مقامی و دیگر مقامات کے امرا کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر ضلع مولانا حزب اللہ جکھرو نے کہا کہ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں استحصالی نظام کیخلاف ایک بہت بڑی تحریک کھڑی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ دھاندلی سے وجود میں آنے والی کرپٹ حکومت نے انتخابات میں ووٹ چوری کیا ہے جماعت اسلامی میدان میں ہے، عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کریں اور برسر اقتدار لائیں،جماعت اسلامی عوام کو ریلیف دے گی، جماعت اسلامی عوامی مسائل پر آواز بلند کرتی رہے گی اور بھرپور جدو جہد جاری رکھے گی۔