مزید خبریں

سکھر،کھلے ہوئے مین ہولز شہریوں کیلیے خطرہ بن گئے

سکھر (نمائندہ جسارت) کھلے مین ہولز شہریوں کے لیے خطرہ،ایوب گیٹ پر بچہ مین ہول میں گرگیا، کھلے مین ہولز شہریوں کے لیے خطرہ بن گئے،ایوب گیٹ پر بچہ مین ہول میں گرگیا ، رہائشی ،شہری و سماجی حلقوں میں تشویش کی لہر ،بالا حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق سکھر میونسپل کارپوریشن و سکھر انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت ، شہر بھر میں کھلے مین ہولز ، شہریوں بالخصوص بچوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن گئے ہیں، ایوب گیٹ روڈ فٹ پاتھوں پر کھلے ہوئے مین ہولز میں والدین کے ہمراہ جانے والا معصوم بچہ گر کے بری طرح زخمی ہوگیا، راہگیروں نے بچے کو گٹر سے نکال کر بچایا، علاقہ مکینوں سمیت شہریوں و بچے کی دادی کا کہنا تھا کہ ایوب گیٹ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں گٹر کے مین ہول کھلے ہوئے ہیں، سکھر انتظامیہ و متعلقہ محکموں کو بارہا آگاہ کیا جانے کے باوجود کھلے مین ہولز کو بند کرنے کے لیے کوئی توجہ نہیں دے رہی جس کی وجہ سے ایسے حادثات روز کا معمول بن رہے ہیں، گزشتہ دنوں بھی ایک بچہ اسکول سے گھر واپسی کے دوران گٹر میں گر کے زخمی ہوچکا ہے، شہری و سماجی حلقوں نے کمشنر سکھر،ڈپٹی کمشنر سکھر ،میئر سکھر ،یوسی چیئرمین سمیت متعلقہ محکموں کے بالا افسران سے نوٹس لینے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔